اے پی پی میں جعلی بھرتیوں کا کیس ، عدالت نے ارشد مجید چوہدری سمیت 5 ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پرجیل بھیج دیا

222

اسلام آباد۔12دسمبر (اے پی پی):سول جج جوڈیشل مجسٹریٹ احمد شہزاد گوندل نے قومی خبر رساں ادارے (اے پی پی) میں جعلی بھرتیوں کے مقدمہ میں نامزد مرکزی ملزم ارشد مجید چوہدری سمیت 5 ملزمان کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

جمعرات کو وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے ) نے اے پی پی کے سابق منیجر اکائونٹس ارشد مجید، ان کے بیٹے تیمور ارشد،سعدیوسف ، قیصر جواد اور فواد خان کو عدالت میں پیش کر کے موقف اختیار کیا کہ ملزمان سے ریکوری کر لی گئی ہے، ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجا جائے۔

اے پی پی لیگل ایڈوائزر خرم بیگ نے موقف اختیار کیا کہ ملزمان کے قبضہ سے ریکارڈ برآمد کرانا درکار ہے ،ملزمان کو جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کیا جائے۔

عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر پانچوں ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ایف آئی اے نے سپیشل جج سینٹرل ہمایوں دلاور کی عدالت سے ملزمان کی عبوری ضمانتیں مسترد ہونے پر کمرہ عدالت کے باہر سے ملزمان کو گرفتار کیا تھا ۔ ایف آئی اے نے قومی خبر رساں ادارے اے پی پی میں جعلی بھرتیوں کیس میں ملزمان پر ایف آئی آر درج کر کے تحقیقات کا آغاز کیا تھا۔