مائونٹ مانگنوئی۔25دسمبر (اے پی پی):پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز بلے باز اظہر علی نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں بائولرز کے کردار کو اہم قرار دے دیا۔انہوں نے کہا کہ میری کوشش ہوگی اپنے تجرے کو استعمال کرتے ہوئے بھرپور پرفارم کروں۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ آج ہفتہ سے ماؤنٹ مانگنوئی میں شروع ہو گا۔اپنے ایک بیان میں پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے سابق کپتان اظہر علی نے کہا کہ ان کی ٹیم نیوزی لینڈ کو ٹف ٹائم دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ سابق کپتان نے کہا کہ مختصر وقت میں تیاریوں کا موقع ملا ہے، ٹیسٹ سے قبل ہماری یہی کوشش رہی ہے کہ تربیتی سیشن میں ایک یونٹ بن سکیں اور اکٹھے ہو کر کھیل سکیں کیونکہ ٹی ٹوئنٹی سکواڈ سے ٹیسٹ سکواڈ میں بہت تبدیلیاں ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج ہفتے سے شروع ہونے والے ابتدائی ٹیسٹ میچ میں بہتر کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے، بطور سینئر کرکٹر اچھا کھیلنا اور ساتھی کھلاڑیوں کو سپورٹ کروں گا ۔ انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی کنڈیشنز ہمیشہ سے ایشین سائیڈز کے لیے چیلنجنگ رہتی ہیں، ان کنڈیشنز میں ہمارے باؤلرز کا کردار اہم ہوگا۔اظہر علی کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ فارمیٹ کے تجربہ کار باؤلرز کی موجودگی سے ہمیں فائدہ ہوگا، بطور بیٹسمین زیادہ دیر کریز پر ٹھہرنے کی کوشش کروں گا۔زیادہ دیر کریز پر وقت گزاریں گےان تو رنز بنیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی وکٹوں پر سیٹ ہونے کے بعد لمبی باری لینے کا موقع بھی ملتا ہے۔ ہمارے بائولرز کو بھی حریف بلے بازوں کو جلد آوٹ کرنے کے لیے محنت کرنا پڑے گی۔ اظہر علی نے کہا کہ قومی ٹیم نیوزی لینڈ کو اس کی سرزمین پر ٹف ٹائم دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔