دوحہ۔22نومبر (اے پی پی):امریکا اور ویلز کی ٹیموں کے درمیان 22 ویں فیفا ورلڈ کپ کا چوتھا میچ 1-1 گول سے برابر رہا۔فٹ بال ورلڈ کا عالمی میلہ قطر میں سج چکا ہے جس میں دنیائے فٹ بال کی 32 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے کوشاں ہیں۔
میگا ایونٹ میں شائقین فٹ بال کو انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔ احمد بن علی اسٹیڈیم، الریان میں کھیلے گئے میگا ایونٹ کے چوتھے میچ میں گروپ بی کی ٹیمیں امریکا اور ویلز آمنے سامنے تھیں جس میں دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ رہا۔ میچ کے پہلے ہاف پر امریکی ٹیم کو ویلز کے خلاف 0-1 گول کی برتری حاصل تھی۔ یہ گول امریکا کی طرف سے ٹموتھی ویہ نے 36 ویں منٹ میں سکور کیا تھا۔
دوسرے ہاف کے آخر میں ویلز کی طرف سے گیرتھ بیل نے میچ کے 82 ویں منٹ پر ملنے والی پنالٹی کک کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے ایک گول سکور کر کے مقابلہ 1-1 سے برابر کر دیا جو میچ کے آخر تک برقرار رہا اور یوں دونوں ٹیموں کے درمیان میگا ایونٹ کا چوتھا میچ 1-1 گول کی برابری پر ختم ہوگیا۔دونوں ٹیموں نے ایک ایک پوائنٹ حاصل کیا۔ امریکا کے کھلاڑی ٹموتھی ویہ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔