بائیسویں فیفا ورلڈ کپ کی کوارٹر فائنل لائن اپ مکمل ہوگئی ، سپر ایٹ رائونڈ 9 دسمبر سے شروع ہوگا

261
فیفاورلڈکپ، پرتگال کی ٹیم سوئٹزرلینڈ کو باآسانی 1-6 گول سے ہرا کر کوارٹرفائنل میں پہنچ گئی ،فاتح ٹیم کے گونکالو راموس کی میگا ایونٹ میں پہلی ہیٹ ٹرک

دوحہ۔7دسمبر (اے پی پی): فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا کے زیر اہتمام قطر میں جاری 22 ویں ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کی کوارٹر فائنل لائن اپ مکمل ہوگئی ہے۔پری کوارٹر فائنل رائونڈ مکمل ہونے کےبعد سب سے زیادہ پانچ بار کی عالمی چیمپئن برازیل ، کروشیا ، نیدرلینڈز ، دوبار کی عالمی چیمپئن ارجنٹائن ،مراکش ،پرتگال ،انگلینڈ اور دفاعی چیمپئن فرانس کی ٹیمیں کوارٹر فائنل رائونڈ میں پہنچ چکی ہیں۔ 22 واں ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ اپنے اختتامی مراحل کی طرف گامزن ہے۔

فٹ بال ورلڈ کے قطر میں سجے عالمی میلے میں شائقین فٹ بال کو انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔ میگا ایونٹ کا کوارٹر فائنل رائونڈ 9 دسمبر سے شروع ہوگا اور 9 دسمبر کو دو کوارٹر فائنلز کا فیصلہ ہوگا۔

پہلا کوارٹر فائنل میچ سب سے زیادہ پانچ بار کی عالمی چیمپئن برازیل اور کروشیا کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا اور یہ میچ ایجوکیشن سٹی سٹیڈیم، الریان میں پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق رات 8 بجے شروع ہوگاجبکہ دوسرے کوارٹر فائنل میچ میں نیدرلینڈز اور دوبار کی عالمی چیمپئن ارجنٹائن کی ٹیمیں لوسیل آئیکونک سٹیڈیم، لوسیل میں آمنے سامنے ہوں گی،

اور یہ میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق رات 12 بجے شروع ہوگا۔ 10 دسمبر کو میگا ایونٹ کے تیسرے کوارٹر فائنل میں مراکش کا مقابلہ پرتگال کے خلاف الثمامہ سٹیڈیم، دوحہ میں ہوگا اور یہ میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق رات 8 بجے شروع ہوگاجبکہ چوتھا اور آخری کوارٹر فائنل میچ انگلینڈ اور دفاعی چیمپئن فرانس کے درمیان البیت اسٹیڈیم، الخور میں کھیلا جائے گا جو رات 12 بجے شروع ہوگا۔

واضح رہے کہ میگا ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل 13 دسمبر جبکہ دوسرا سیمی فائنل میچ 14 دسمبر کو کھیلا جائے گا، تیسری پوزیشن کے لئے میچ 17 دسمبر کو جبکہ فائنل میچ 18 دسمبر کو لوسیل آئیکونک سٹیڈیم، لوسیل میں کھیلا جائے گا۔