بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح ؒکا یوم پیدائش (کل) ہفتہ کو شایان شان طریقے سے منا یا جائے گا

293

اسلام آباد۔24دسمبر (اے پی پی):بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کا یوم ولادت (کل)ہفتہ 25 دسمبر 2021کو اس عہد کی تجدید کے ساتھ منایا جائے گاکہ قائد کی بصیرت جن کی عظیم سیاسی جدوجہد کے نتیجہ میں مادر وطن معرض وجود میں آیا، پر عمل پیرا ہوتے ہوئے وطن عزیزکی ترقی اور خوشحالی کے لئے محنت اور لگن سے کام کریں گے۔ قائد اعظم محمد علی جناح 25 دسمبر 1876 کو کراچی میں پیدا ہوئے۔ اس دن ملک بھر میں عام تعطیل ہوگی اور ملک بھر کی اہم سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم لہرایا جائے گا۔

دن کا آغاز ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعائوں کے ساتھ ہوگا۔مزار قائد کراچی میں قرآن خوانی ہوگی جبکہ گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب بھی منعقد ہوگی۔ تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی ایک بڑی تعداد قائداعظم کی برصغیر کے مسلمانوں کے لئے علیحدہ وطن کے قیام کی جدو جہدکو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے مزار قائد پر حاضری دیں گے۔

قائد اعظم محمد علی جناح ایک قانون داناور سیاست دان تھے اور انہوں نے 1913 سے 14 اگست 1947 کو پاکستان کی آزادی تک آل انڈیا مسلم لیگ کے رہنما کے طور پر خدمات انجام دیں، اور پھر 11 ستمبر 1948 کو اپنی وفات تک پاکستان کے پہلے گورنر جنرل کے طور پر خدمات انجام دیں۔ اس دن کو منانے کے لئے پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس قائداعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش کے سلسلے میں مختلف ثقافتی تقریبات کا اہتمام کرے گی۔

نوجوانوں کو قائد کے وژن اور ان کے نظریہ پاکستان کے بارے میں آگاہی فراہم کرنے کے لئے پینٹنگ کی نمائش، ٹیبلو اور تقریری مقابلوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ بابائے قوم کے افکار اور نظریات بالخصوص قانون کی حکمرانی، آئین کی بالادستی اور جمہوریت کی بالادستی کے حوالے سے گران قدر خدمات کو اجاگر کرنے اور فروغ دینے کے لئے خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا۔

اکادمی ادبیات پاکستان (پی اے ایل) کےحکام نے ’’اے پی پی ‘‘سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قانون کی بالادستی کے لئے قائد کی کوششوں کو اجاگر کرنے کے لئے 24 دسمبر کو ”قائداعظم نیشنل سیمینار“ کا اہتمام کیا گیا۔ سیمینار کی صدارت ممتاز سکالر پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چاولہ نے کی۔ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر فخر الاسلام اور پروفیسر ڈاکٹر شجاع احمد مہمان خصوصی تھے۔

نظریہ پاکستان کونسل نے بھی اس دن کی مناسبت سے ایک ہفتہ طویل پروگرام ترتیب دے رکھے ہیں۔ اس موقع پر سرکاری اور نجی سطح پر قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کی تحریک پاکستان کے لئے ولولہ انگیز قائدانہ کردار کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا۔ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا نے دن کی مناسبت سے خصوصی اشاعتوں اور نشریات کا اہتمام کیا ہے جن میں قائد کے افکار پر روشنی ڈالی جائے گی۔