بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کا یوم پیدائش ملک بھر میں شایان شان طریقے سے منایا گیا

147
A light show to celebrate Quaid-e-Azam’s Birth Anniversary, organized by Ministry of Information & Broadcasting at Parliament House Islamabad 25-12-2021

اسلام آباد۔25دسمبر (اے پی پی):بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کا 145 واں یوم پیدائش ملک بھر میں اس عہد کی تجدید کے ساتھ منایا گیا کہ قائدکے وژن پر عمل پیرا ہوکر پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے سخت محنت کریں گے اور وطن عزیز کو عظیم ملک بنائیں گے۔

قائد کی سالگرہ پر عام تعطیل کا اعلان کیا گیا تھا اور ملک بھر میں اہم سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم لہرائے گئے، دن کا آغاز ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعاوں سے ہوا۔ اس دن قائداعظم کے افکار و نظریات کو اجاگر اور فروغ دینے کے لیے خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا گیا ۔

مزار قائد کراچی میں گارڈز کی تبدیلی کی ایک پر وقار تقریب ہوئی پاک فوج کے چاک و چوبند دستوں نے سلامی پیش کی اور پھول چڑھائے گئے جبکہ ایوان صدر اسلام آباد میں قائد کے یوم ولادت کے سلسلہ میں ایک رنگا رنگ تقریب کا اہتمام کیا گیا جس سے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے خطاب کیا اور تقریب میں شریک مختلف سکولوں اور کالجوں کے بچوں نے قائد اعظم محمد علی جناح کو منفرد انداز مین خراج تحسین پیش کیا اور تقریری مقابلوں اور ملی گیتوں اور نغموں کے ساتھ قائد کے وژن اور افکار کو اجاگر کیا۔

وزارت اطلاعات و نشریات کی طرف سے اسلام آباد کے ڈی چوک میں لائٹ شو کا ہتمام کیا گیا جس میں ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری، سیکرٹری اطلاعات و نشریات شاہیرہ شاہد، وزارت کے سینئر حکام نے خصوسی طور پر شرکت کی اور عام شہریوں کو اس رنگا رنگ تقریب میں مدعو کیا گیا تھا، اس موقع پر پارلیمنٹ ہائوس اور دیگر عمارتوں کو برقی قمقموں سے دیدہ زیب انداز میں سجایا گیا تھا اور آتش بازی کا بھی مظاہرہ کیا گیا۔

یوم قائد کے موقع پر صدر ممکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیر اعظم عمران خان، چیئرمیں سینیٹ، اسپیکر قومی اسمبلی اور دیگر سول و عسکری قیادت کی طرف سے خصوصی پیغامات بھی جاری کئے گئے اور قائد کے افکار اور وژن کو مشعل راہ بناتے ہوئے ملک اور قوم کی ترقی کے لئے کام کرنے کے عہد کی تجدید کی گئی۔

وفاقی اور صوبائی دارالحکومتو ں کے علاوہ تمام چھوٹے اور بڑے شہروں میں تقریبات کا خصوصی طور پر اہتمام کیا گیا اورمنتخب عوامی نمائندوں نے اپنے اپنے حلقوں میں ان تقریبات میں شرکت کی قائد اعظم کی وطن عزیز کے قیام کے لئے جدوجہد پر روشنی ڈالی اور سالگرہ کے کیک کاٹے گئے۔

بیرون ملک پاکستانی سفارتخانوں میں بھی یوم قائد کے موقع پر پرچم کشائی اور کیک کاٹنے کی تقاریب کا اہتمام کیا گیا اور بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ سرکاری اور نجی سطح پر اور مختلف سیاسی جماعتوں نے بھی یوم قائد کے موقع پر تقاریب کا اہتمام کیا اور قائد کے وژن پر عمل پیرا ہونے کا تجدید عہد کیا گیا۔

سوشل میڈیا اور ٹویٹر پر پاکستانیوں نے بڑی تعداد میں بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح ؒ کے افکار اور پورٹریٹ شیئر کرتے ہوئے بھرپور انداز میں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔