اسلام آباد ۔ 25 دسمبر (اے پی پی) بانی پاکستان بابائے قوم محمد علی جناح ؒ 25دسمبر 1876ءکو کراچی کے وزیر مینشن میں جناح پونجا نامی ایک متمول تاجر کے ہاں پیدا ہوئے،بابائے قوم میں عظمت ، قابلیت ، نیک نامی ، کچھ کرنے کی لگن اور ذہانت سمیت حب الوطنی کے جذبات پیدائشی طور پر ہی موجود تھے ۔اے پی ]پی کے مطابق انہوں نے ابتدائی تعلیم کا آغاز 1882ءمیں کیا ۔ وہ 1893ءمیں اعلیٰ تعلیم کے حصول کیلئے انگلستان روانہ ہو گئے ۔وہاں سے انہوںنے 1896ءمیں بیرسٹری کا امتحان پاس کیا اور وطن واپس آ گئے ۔ قائد اعظم ؒ نے 1897ءمیں ممبئی میں وکالت کا آغاز کیا ۔ انہیں 1900ءمیں ممبئی میں پریذیڈنسی مجسٹریٹ مقرر کردیا گیا۔ آپ ؒ 1906ءمیں ممبئی ہائی کورٹ سے ایڈووکیٹ کی حیثیت سے منسلک ہوئے۔ محمد علی جناح ؒ نے 1909ءمیں سپریم امپیریل کونسل کے انتخاب میں بلامقابلہ کامیابی حاصل کی ۔ وہ 1910ءمیں قانون ساز کونسل کے رکن منتخب ہو گئے۔ آپ نے 1912ءمیں مسلم لیگ کے کلکتہ میں منعقد ہونے والے سالانہ اجلاس میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔ آپ 1913ءمیں مسٹر گوکھلے کے ساتھ انگلستان روانہ ہو گئے جہاں انڈین لندن ایسوسی ایشن کا قیام عمل میں لایاگیا اور وہاں سے واپسی پر آپ مسلم لیگ میں شامل ہو گئے۔ قائد اعظم نے 1919ءمیں رولٹ ایکٹ کے خلاف احتجاجاً امپیریل کونسل سے استعفیٰ دے دیا اور 1920ءمیں اصولی اختلاف پر کانگریس سے علیحدگی اختیار کرلی۔ بابائے قوم نے 1926ءمیں ہندومسلم اتحاد کیلئے نیا فارمولا پیش کیا جسے کانگریس نے منظور نہ کیا۔ 1929ءمیں قائد اعظم نے مسلم لیگ کے دہلی میں منعقدہ اجلاس میں 14نکات کا اعلان کیااور باضابطہ طور پر الگ وطن کیلئے جدو جہد کا آغاز کر دیا ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=82648