بابائے قوم نے جس مقصد کے لیے اس مملکتِ کی بنیاد رکھی ہم اسی شاہراہ کے مسافر ہیں، وزیراعلیٰ سندھ

111
Sindh Chief Minister
Sindh Chief Minister

کراچی۔ 11 ستمبر (اے پی پی):وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح نے جس مقصد کے لیے اس مملکتِ عظیم کی بنیاد رکھی ہم اسی شاہراہ کے مسافر ہیں۔بابائے قوم محمد علی جناح کی 76 ویں برسی کے موقع پراپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ قائد اعظم کرشماتی شخصیت کے مالک تھے،انہوں نے برطانیہ سے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے الگ ملک کے مطالبے کو منوایا،ایک ایسی سر زمین کی بنیاد رکھی جہاں تمام مذاہب کے پیرو کاروں کو مذہبی حقوق و آزادی حاصل ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ آج دہشتگردی کےخلاف ہم سب کو یک جان ہوکر اس ملک کی حفاظت کرنا ہوگی،یہ ملک ہمیں بڑی قربانیوں کے بعد نصیب ہوا ،ہم اس مملکت عظیم میں آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں،ہمیں اگلی نسل کو اس ملک کی تعمیر و ترقی میں کردار ادا کرنے کے لیے تیار کرنا ہے۔ سید مراد علی شاہ نے کہاکہ ہمیں مستقبل کے معماروں کو جدید دنیا کے تقاضوں کے مطابق ڈھالنا ہے اور قائد اعظم کے حقیقی خواب کی تعبیر ہم ہی نے کرنی ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمیں سب سے پہلے پاکستانی بن کر سوچنا ہوگا،اقلیت و اکثریت ریاست کی نظرمیں سب برابر ہیں،ہمارے مفاد یکساں ہیں ، ہماری منزل ایک ہے اور وہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی ہے۔مراد علی شاہ نے کہا کہ بانی پاکستان قائداعظم نے قلم کو بڑا ہتھیار قرار دیااور اُس کی طاقت سے ہمیں یہ ملک عظیم بخشا،ہم ہمیشہ بابائے قوم کے احسان مند رہیں گے،آئیں پاکستان کے حقیقی خواب کی تعبیر کریں اور اسے مل کر سنواریں۔