بابائے قوم نے پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کا وژن دیا، وزیراعظم عمران خان قائداعظم کے مشن کی نگہبانی کر رہے ہیں، وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین کا قائداعظم کے یوم پیدائش اور کرسمس کا کیک کاٹنے کی تقریب سے خطاب

184
بابائے قوم نے پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کا وژن دیا، وزیراعظم عمران خان قائداعظم کے مشن کی نگہبانی کر رہے ہیں، وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین کا قائداعظم کے یوم پیدائش اور کرسمس کا کیک کاٹنے کی تقریب سے خطاب

اسلام آباد۔25دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کا وژن دیا، وزیراعظم عمران خان قائداعظم کے مشن کی نگہانی کر رہے ہیں، عمران خان ایسا پاکستان بنانے کیلئے کوشاں ہیں جو ماڈرن اور ترقی پسند ملک ہو اور اسلامی دنیا کو لیڈ کرے۔

یہ بات انہوں نے ہفتہ کو یہاں قائداعظم محمد علی جناح کی سالگرہ اور کرسمس کا کیک کاٹنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے پاکستان میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کا وژن دیا، پاکستان اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے نام پر بنا۔ وزیراعظم عمران خان بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ملک کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لئے کوشاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج ہم نیا پاکستان کی بات کرتے ہیں تو یہ وہی خواب ہے جو علامہ محمد اقبال نے دیکھا جسے قائداعظم محمد علی جناح نے پایہ تکمیل کو پہنچایا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے تمام تر اقدامات قائداعظم کی سوچ کا عکاس ہیں، یہی وہ پاکستان ہے جس کے لئے پاکستان تحریک انصاف جدوجہد کر رہی ہے۔

قبل ازیں وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین، وزیر دفاع پرویز خٹک، وفاقی وزیر انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری، ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری، پی ٹی آئی کے رہنما عامر محمود کیانی اور سینیٹر سیف اللہ نیازی نے قائداعظم محمد علی جناح کی سالگرہ اور کرسمس کے کیک کاٹے۔ اس موقع پر انہوں نے قوم کو قائداعظم محمد علی جناح کی سالگرہ اور مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد پیش کی۔