لاہور۔21نومبر (اے پی پی):بابا گرو نانک دیو جی کی 555 ویں سالگرہ کی خوشی میں لاہور کے الحمرا ہال میں ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا،جس میں بھارت اور دنیا بھر سے آئے ہوئے سکھ یاتریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ترجمان کے مطابق تقریب کا عنوان "وسدا پنجاب وسانجھا پنجاب "تھا جس میں سکھ یاتریوں کے اعزاز میں مختلف ثقافتی پروگرامز اور تقافتی کھیل پیش کیے گئے۔
تقریب کی میزبانی صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمی زاہد بخاری نے کی جبکہ صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ اور دیگر اہم حکومتی شخصیات نے بھی شرکت کی۔اس موقع پرعظمی زاہد بخاری نے کہا کہ سکھ یاتریوں کی پذیرائی کے لیے اس مرتبہ تاریخی اقدامات کیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تقریب کا مقصد سکھ یاتریوں کے ساتھ روابط کو مزید مستحکم کرنا اور دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے۔رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ سکھ یاتریوں کے لیے حکومت پنجاب کی جانب سے اس بار خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں تاکہ ان کا دورہ خوشگوار و یادگار بن سکے۔
انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ سکھ یاتریوں کے لیے زیادہ سہولتیں فراہم کی گئی ہیں، جس سے ان کے مذہبی جذبات کی تکریم کی گئی ہے۔ تقریب کے دوران فنکاروں نے "سانجھا پنجاب” کے حوالے سے ثقافتی کھیل پیش کیے، جنہیں حاضرین نے خوب سراہا۔ اس موقع پر سکھ یاتریوں نے لاہور کی تاریخی اور ثقافتی اہمیت کو سراہا اور اسے اپنے مذہبی عقائد کے احترام میں ایک اہم مقام قرار دیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=527938