ننکانہ صاحب۔ 07 نومبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤکی زیرصدارت بابا گورونانک دیو جی کے 555 ویں جنم دن کی تقریبات کے انتظامات کا جائزہ اجلاس کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ضلعی افسران نے بابا گورونانک کے جنم دن کے انتظامات بارے ڈپٹی کمشنر کو تفصیلی بریفنگ دی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو شہرینہ غلام مرتضی جونیجو ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل رائے ذوالفقار علی ، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 اکرم پنوار ، ڈی ایس پی ٹریفک ، سول ڈیفنس ، میونسپل کمیٹیز سمیت تمام ضلعی افسران اجلاس میں شریک تھے۔
ضلعی افسران نے ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ننکانہ صاحب کے ساتوں گردواروں میں دنیا بھر سے آنے والے سکھ یاتریوں کے لیے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں۔شہر کی تزئین و آرائش اور پیچ ورک کا کام آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے جبکہ سکھ یاتریوں کے لیے رہائش اور لنگر کے انتظامات کو مکمل کر لیا گیا ہے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بابا گورونانک کے 555 ویں جنم دن کی تقریبات میں اندرون و بیرون ممالک سے 60 ہزار سکھ یاتری ننکانہ صاحب تشریف لائیں گےجن کی فول پروف سیکورٹی کے لیے 3188 پولیس کے افسران و جوان حفاظت پر مامور ہونگے
اور ضلعی انتظامیہ اور اوقاف کے 1800 سے زائد افسران و ملازمین گوردوارہ جات میں انتظامات کی دیکھ بھال کے لیے تعینات ہونگےجبکہ 200 سے زائد سکھ کمیونٹی کے رضاکاران بھی تعینات کیے جائیں گے۔ڈپٹی کمشنر نے صفائی ستھرائی ، فول پروف سیکیورٹی ، طبی سہولیات ، قیام و طعام سمیت دیگر بہترین انتظامات کرنے پر متعلقہ اداروں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے تقریبات کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔انہوں نے اے پی پی سے خصوصی طور پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی محکمہ جات اور پولیس کے جوانوں کی بدولت دنیا بھر سے آنے والے یاتری اپنی مذہبی رسومات بغیر کسی رکاوٹ کے ادا کر سکتے ہیں ،
اندورن وبیرون ممالک سے آنیوالے یاتریوں کی حفاظت اور بہترین انتظامات ہم سب کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتیں یہاں پر مکمل محفوظ اور آزاد ہیں،بابا گورونانک کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے آنے والے دنیا بھر سے مہمان یاتری ہماری پر خلوص میزبانی کی خوشگوار یادیں لے کر جائیں اور بار بار یاترا کے لیے پاکستان آئیں۔\378