لاہور۔18نومبر (اے پی پی):سیکرٹری انسانی حقوق و اقلیتی امور ڈاکٹر محمد شعیب اکبر نے بابا گرو نانک کے یوم پیدائش کے موقع پر ہفتہ کو نجی ہوٹل میں منعقدہ تقریب میں سکھ اور مذہبی اقلیتی ارکان کے ہمراہ کیک کاٹا۔
انہوں نے ا س حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بابا گرو نانک کا جنم دن سکھ برادری کے لیے خوشی کا موقع ہے جنہوں نے اپنے اچھے اخلاق اور کردار سے لوگوں کو بے حد متاثر کیا۔ڈائریکٹر انسا نی حقوق محمد یوسف نے خطبہ استقبالیہ میں محکمہ کی طرف سے مذہبی اقلیتوں کے لیے اٹھائے گئے اقدامات سے شرکا کو تفصیلی آگاہ کیا۔ کلیان سنگھ نے کہا کہ آج بابا گرو نانک کا 554 واں یوم پیدائش منایا جا رہا ہے جو سکھ مذہب کے پہلے گرو تھے،
ان کی تعلیمات کا اظہار عقیدت بھرے بھجنوں سے ہوتا ہے۔ لاہور کے آرچ بشپ سبسٹین شا نے اپنے خطاب میں کہا کہ سماجی رواداری کے لیے سازگار ماحول کی وجہ سے پاکستان میں اقلیتوں کو وہ حقوق حاصل ہیں جن کا بھارت میں تصور بھی نہیں کیا جا سکتا۔ پروفیسر محمود غزنوی نے کہا کہ پاکستان بھر میں مذہبی اقلیتوں کو اپنی مذہبی رسومات ادا کرنے کی مکمل آزادی ہے۔ سماجی کارکن مس نوشین نے خواتین کے حقوق کے تحفظ میں بیداری کے کردار پر روشنی ڈالی۔
آرچ بشپ سبسٹین شا، فرہر جیمز چنن، ہندو کارکن بھگت لال، محمود غزنوی، مجید ایبل، کلیان سنگھ اور دیگر نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور بابا گرونانک کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=412059