لاہور۔22اکتوبر (اے پی پی):صوبائی وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ کی زیر صدارت بابا گورو نانک دیو جی کے 555ویں جنم دن کی تقریبات کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے منگل کو یہاں محکمہ داخلہ میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل نے سکھ یاتریوں کیلئے سکیورٹی انتظامات بارے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔ترجمان کے مطابق بابا گورو نانک کے 555ویں جنم دن کی تقریبات میں شرکت کیلئے دنیا بھر سے 80ہزار سے زائد سکھ یاتری 14 سے 23نومبر تک پاکستان کا دورہ کرینگے، اس دوران یاتری گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب، فاروق آباد شیخوپورہ، حسن ابدال، کرتار پور، ایمن آباد اور لاہور کا دورہ کریں گے۔
اجلاس سے خطاب میں صوبائی وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے تمام متعلقہ محکمہ جات کے نمائندوں کو ہدایت کی کہ سکھ یاتریوں کیلئے بہترین انتظامات کئے جائیں کہ تمام یاتری واپسی پر پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگا کر جائیں۔ رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ یہ پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے کا بہترین موقع ہے جس پر تمام انتظامیہ پوری جان لگائے۔ صوبائی وزیر اقلیتی امور نے کہا کہ یاتریوں کیلئے سکیورٹی، ٹرانسپورٹیشن، میڈیکل اور قیام و طعام سمیت تمام دیگر انتظامات مثالی ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ معاملہ پاکستان کی عزت کا ہے اس لیے اس ضمن میں کوئی کوتاہی نہیں ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ تمام ادارے یاتریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے انتظامات بروقت مکمل کریں۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل نے تمام متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرز کو ہدایت کی کہ دیگر سکیورٹی اداروں کی معاونت کیساتھ ہر حوالے سے فول پروف انتظامات مکمل کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ یاتریوں کے محفوظ اور آرام دہ سفر سمیت رہائش پر خصوصی توجہ دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ تمام ادارے ایک پیج پر ہوں اور حکومتی احکامات پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ سیکرٹری داخلہ نے کہا کہ تمام یاتری پاکستان کے مہمان ہیں اور انہیں ہر طرح سے مہمانوں والی عزت دی جائے۔ سپیشل سیکرٹری داخلہ پنجاب فضل الرحمان، ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب وقاص نذیر، ایڈیشنل سیکرٹری اقلیتی امور، تمام متعلقہ اضلاع سے ڈپٹی کمشنرز، ڈی پی اوز اور تمام سکیورٹی اداروں کے نمائندگان نے اجلاس میں شرکت کی۔