بابا گورو نانک دیو جی کے 555 ویں جنم دن کی تقریبات میں شرکت کیلئے سکھ یاتری گوردوارہ سچا سودا فاروق آباد پہنچ گئے

192
Baba Guru Nanak
Baba Guru Nanak

شیخوپورہ۔ 16 نومبر (اے پی پی):سکھ مذہب کے روحانی پیشوا بابا گورو نانک دیو جی کے 555 ویں جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے بھارت سے آئے سکھ یاتری گوردوارہ سچا سودا فاروق آباد پہنچ گئے ، بھارتی سکھ یاتریوں کو ننکانہ صاحب سے خصوصی بسوں اور فول پروف سیکیورٹی میں گوردوارہ سچا سودا پہنچایا گیا۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس میاں نذیر احمد اور اسسٹنٹ کمشنر بلاول علی نے بھارتی سکھ یاتریوں کا پرتپاک استقبال کیا ۔ بھارتی سکھ یاتریوں کو پھولوں کے گلدستے پیش کئےگئے اور ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں ۔ ڈپٹی کمشنر شیخوپوره شاہد عمران مارتھ نے گوردوارہ سچا سودا میں سکھ یاتریوں کی آمد اور انتظامات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر سے آنے والے یاتریوں کو دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں ، وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر دنیا بھر سے گوردوارہ سچا سودا آنے والے سکھ یاتریوں کے لیے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مثالی انتظامات کو یقینی بنایا گیا ہے ۔

ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ نے کہا کہ سکھ یاتریوں کو قیام و طعام ، ٹرانسپورٹ ، میڈیکل سمیت دیگر بہترین سہولیات فراہم کی جارہی ہیں ۔ اس موقع پر بھارت سے آئے ہوئے سکھ یاتریوں کا کہنا تھا کہ بابا جی کے جنم دیہاڑ پر بہترین انتظامات کرنے پر وزیر اعلی پنجاب مریم نوازکے شکر گزار ہیں۔ پاکستان پر امن ملک ہے ، پاکستانی سکھ قوم سے دلی محبت کرتے ہیں ، شاندار انتظامات کرنے پر حکومت اور ضلعی انتظامیہ کے مشکور ہیں ۔