لاہور۔16اکتوبر (اے پی پی):صوبا ئی وزیر برائے اقلیتی امورسردار رمیش سنگھ اروڑہ کی زیر صدارت پاکستان سکھ گورو دوارہ پر بندھک کمیٹی کا اجلاس بد ھ کے روز یہاں منعقد ہوا۔اس مو قع پرپاکستان سکھ گورو دوارہ پر بندھک کمیٹی کے ممبران سمیت ڈپٹی سیکرٹری شرائنز عبد اللہ اویس ،سیکورٹی آفیسر عاصم چوہدری و دیگر افسران مو جود تھے جبکہ چیئرمین بورڈ سید عطاالرحمن نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔اجلاس میں بابا گورو نانک دیو جی کے 555ویں جنم دن کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لیا گیا ۔
سردار رمیش سنگھ نے اجلاس سے خطا ب کر تے ہو ئے کہا کہ اس بار بابا گورو نانک کاجنم دن بھر پور انداز میں منایا جائے گا ،یاتریوں کو رہائش ،ٹرانسپورٹ اورلنگر کی بہترین سہولیات مہیا کی جائیں گی ۔ سردار رمیش سنگھ نے کہا کہ جنم دن کے حوالے سے تمام انتظامی اداروں کے ساتھ مکمل رابطہ میں ہیں اورسیکورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں گے ۔
چیئرمین بورڈ نے گورو دواروں میں انتظامات و اخراجات کی منظوری دی جبکہ پر بندھک کمیٹی کے سیکرٹریٹ بنانے اور سٹاف کی تعیناتی کا ایجنڈا بھی زیر بحث آیا ۔چیئرمین بورڈ سید عطاالرحمن نے اجلاس کو بتا یا کہ سکھ یاتریوں کو ہر ممکنہ سہولیات فراہم کی جائیں گی،گورو دواروں کی تزئین آرائش اور یاتریوں کی سہولت کیلئے بھی ہر ممکن اقدامات کریں گے۔
ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز سیف اللہ کھوکھر نے کہاکہ ویزہ سہولت کے لیے آٹومیٹک سافٹ ویئر نصب کیا گیا ہے،ہمسایہ ملک سے سکھ یاتری14نومبر کو واہگہ چیک پوسٹ کے راستے پاکستان پہنچیں گے۔ ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز نے کہا کہ بابا گورو نانک دیو جی کے جنم دن کی مرکزی تقریب 15نومبر کو گورو دوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں منعقد ہو گی ۔