بابراعظم اور افتخار احمد نے پاکستان میں کسی بھی وکٹ پر بڑی شراکت کا ریکارڈ قائم کردیا

184

ملتان۔30اگست (اے پی پی):قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم اور مڈل آرڈر بلے باز افتخار احمد نے پاکستان میں ون ڈے میچ میں کسی بھی وکٹ پر بڑی شراکت کا ریکارڈ قائم کردیا۔ بدھ کو ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے ایشیا کپ کے افتتاح میچ میں کپتان بابراعظم اور افتخار احمد نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 214 رنز بنائے۔ بابر اور افتخار کے درمیان ڈبل سنچری پارٹنرشپ پاکستان میں ون ڈے میں کسی بھی وکٹ کے لئے سب سے بڑی شراکت ہے ، اس کے ساتھ ساتھ ون ڈے میں پاکستان کی 5 ویں وکٹ کے لئے سب سے بڑی شراکت بھی ہے۔

بابراعظم نے 131 بالوں پر 151 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 4 شاندار چھکے اور 14 چوکے شامل ہیں۔ مڈل آرڈر بلے باز افتخار احمد 71 بالوں پر 109 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، ان کی اننگز میں 4 چھکے اور 11 چوکے شامل ہیں۔ بابراعظم نے اپنے ون ڈے کیریئر کی 19ویں سنچری سکور کی، وہ کم ترین اننگز میں 19 سنچریاں سکور کرنے والے دنیا کے پہلے بیٹر بن گئے ہیں۔ افتخار احمد نے اپنے ون ڈے کیریئر کی پہلی سنچری سکور کی، اس سے قبل ان کا ون ڈے میں بہترین سکور 94 ناٹ آئوٹ تھا۔