اسلام آباد۔31اگست (اے پی پی):پاکستان کرکٹ ٹیم کے سٹار بلے باز بابر اعظم بطور کپتان تیز ترین 2 ہزار ون ڈے رنز کا ریکارڈ توڑنے کے بالکل قریب پہنچ گئے ہیں۔ یہ ریکارڈ اس وقت سابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی کے پاس ہے جنہوں نے بطور کپتان36 اننگز میں تیز ترین 2 ہزار بنائے ہیں جبکہ بابر اعظم بطور کپتان اب تک30 اننگز میں1994 رنز بنا چکے ہیں۔ پاکستان اور بھارت ایشیا کپ کے گروپ میچ میں 2 ستمبر ہفتہ کو آمنے سامنے آئیں گے،
بابراعظم کو ویرات کوہلی کا ریکارڈ توڑنے کا موقع بھارت کے خلاف ہی ملے گا۔ جنوبی افریقہ کے سابق کپتان اے بی ڈویلیئرز 41 اننگز میں دو ہزار رنز مکمل کرنے والے اس وقت دوسرے تیز ترین کپتان ہیں۔ قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم ایشیا کپ کے پہلے میچ میں جنوبی افریقی کرکٹر ہاشم آملہ کا تیز ترین 19 ون ڈے سنچریوں کا ریکارڈ بھی توڑ چکے ہیں۔