بابراعظم نے نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ سے قبل پریکٹس شروع کردی

56

کرائسٹ چرچ۔31دسمبر (اے پی پی):قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ سے قبل پریکٹس شروع کردی۔ جمعرات کو پی سی بی کی طرف سے ایک ویڈیو جاری کی گئی جس میں بابر اعظم کو پریکٹس کرتے دکھایا گیا ہے۔ تاہم 26 سالہ بلے باز بابراعظم کی نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں شمولیت کا حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ ٹیم مینجمنٹ کے مطابق بابراعظم نے نیٹ میں ہلکی پھلکی پریکٹس شروع کردی ہے تاہم انہوں نے فاسٹ باولرز کو کھیلنا شروع نہیں کیا۔ ان کے مکمل فٹ ہونے کا انتظار آخری وقت تک کیا جائے گا۔ جلد بازی میں کوئی خطرہ مول نہیں لیا جائے گا۔ ٹیم انتظامیہ کے مطابق کرائسٹ چرچ کے ٹریننگ سیشنز میں بابراعظم کی ہاتھ کی تکلیف کا جائزہ لیا جائے گا۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 3 جنوری سے کرائسٹ چرچ میں شروع ہوگا۔