کراچی۔7مئی (اے پی پی):قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میچوں کی سنچری مکمل کر لی، وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے 32ویں پاکستانی کھلاڑی ہیں،
بابراعظم نے اتوار کو نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گئے ون ڈے سیریز کے پانچویں اور آخری میچ میں کیریئر کا 100واں میچ کھیلا،بابراعظم نے 2015میں زمبابوے کے خلاف ایک روزہ بین الاقوامی کیریئر کا آغاز کیا تھا اور آٹھ سالہ سفر کے دوران انہوں نے اپنی شاندار بلے بازی سے کئی عالمی ریکارڈز اپنے نام کئے، اس وقت ان کا شمار دنیائے کرکٹ کے منجھے ہوئے اور مایہ ناز بیٹرز میں ہوتا ہے، وہ کیریئر کے 100ویں میچ کو یادگار بنانے میں ناکام رہے اور صرف ایک رن بنا کر چلتے بنے،
بابراعظم نے اب تک 100ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں 5089رنز بنا رکھے ہیں جس میں ان کی 18شاندار سنچریاں اور 26نصف سنچریاں شامل ہیں، بابراعظم نے نیوزی لینڈ کے خلاف چوتھے ایک روزہ میچ میں شاندار سنچری سکور کر کے نہ صرف تیز ترین 5ہزار ون ڈے انٹرنیشنل رنز بنانے بلکہ تیز ترین 18سنچریاں بنانے کے عالمی ریکارڈز اپنے نام کئے تھے، پاکستان کی طرف سے زیادہ ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلنے کا اعزاز شاہد خان آفریدی کو حاصل ہے جنہوں نے 1996 سے 2015 تک کیریئر کے دوران 393میچز میں ملک کی نمائندگی کی تھی۔