بابراعظم نے ون ڈے کرکٹ رینکنگ میں ویرات کوہلی سے پہلی پوزیشن چھین لی

54

دبئی ۔14اپریل (اے پی پی):انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) نے ون ڈے کرکٹ کی تازہ ترین رینکنگ جاری کر دی ہے۔ آئی سی سی کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین پلیئرز ون ڈے رینکنگ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز بلے باز بابر اعظم نے بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی سے پہلی پوزیشن چھین لی ہے۔

ویرات کوہلی کی ایک درجہ تنزلی ہوئی ہے اور وہ ایک درجہ تنزلی کے بعد پہلے سے دوسرے نمبر پر چلے گئے ہیں۔ بابر اعظم نے آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ میں شامل جنوبی افریقا کے خلاف ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کا اختتام دنیائے کرکٹ کے نمبر ون بیٹسمین کی حیثیت سے کیا ہے۔جنوبی افریقا کے خلاف ایک روزہ سیریز کے تین میچوں میں 228 رنز بنانے والے بابراعظم نےسیریز کے دوران مجموعی طور پر 28 ریٹنگ پوائنٹس حاصل کیے۔بابراعظم کا ایک اور کارنامہ، ہاشم آملہ اور کوہلی کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔سیریز کے آغاز سے قبل انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی درجہ بندی میں بھارت کے ویرات کوہلی اور پاکستان کے بابراعظم کے درمیان 20 ریٹنگ پوائنٹس کا فاصلہ تھا ۔

میزبان ٹیم کے خلاف پہلےایک روزہ میچ میں 103 رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے پر بابراعظم آئی سی سی ون ڈے انٹرنیشنل پلیئرز رینکنگ میں پہلے نمبر پر پہنچ گئے تھے تاہم سیریز کے دوسرے میچ میں 31 رنز بناکر آؤٹ ہونے کے باعث وہ پانچ پوائنٹس گنوانے کی وجہ سے دوبارہ دوسری پوزیشن پر پہنچ گئے۔ البتہ بابراعظم نے سیریز کے تیسرے اور فیصلہ کن میچ میں ایک بار پھر شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 94 رنز بناکر مین آف دی میچ قرار پائے۔ میزبان ٹیم کے خلاف اس اننگز کی بدولت وہ ایک بار پھر ون ڈے انٹرنیشنل پلیئرز رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔

ون ڈے پلیئرز رینکنگ میں بھارت کے روہت شرما ایک درجہ تنزلی کے بعد دوسرے سے تیسرے نمبر پر چلے گئے ہیں ، نیوزی لینڈ کے روز ٹیلر چوتھے نمبر پر برقرار ہیں، آسٹریلوی بلے باز آرون فنچ بھی پانچویں نمبر پر برقرار ہیں۔ جونی بیئر سٹو پانچ درجے ترقی پاکر چھٹے نمبر پر پہنچ گئے ہیں جبکہ پاکستان کے فخر زمان نے لمبی چھلانگ لگائی ہے اور وہ 12 درجے ترقی پاکر 19 ویں سے 7ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں ۔

جنوبی افریقا کے دو درجے تنزلی کے بعد چھٹے سے آٹھویں جبکہ آسٹریلوی بلے باز دو درجے تنزلی کے بعد ساتویں سے نویں نمبر پر چلے گئے ہیں ۔شائی ہوپ بھی دو درجے تنزلی کے بعد آٹھویں سے سے دسویں نمنر پر چلے گئے ہیں۔ بابراعظم یہ اعزاز حاصل کرنے والے چوتھے پاکستانی بیٹسمین ہیں۔ اس سے قبل ظہیر عباس، جاوید میانداد اور محمد یوسف آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں نمبر ون رہ چکے ہیں۔

بابراعظم کا ٹی ٹوئنٹی کی عالمی رینکنگ میں تیسرا اور ٹیسٹ میں چھٹا نمبر ہے۔دوسری طرف قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بالر شاہین شاہ آفریدی نے بھی ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں اپنی بہترین پوزیشن حاصل کرلی ہے۔ جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کے آخری ون ڈے میچ میں 3 وکٹیں حاصل کرنے والے نوجوان فاسٹ بالر نے تازہ ترین عالمی رینکنگ میں 11ویں پوزیشن حاصل کرلی ہے۔