دبئی ۔ 04 نومبر (اے پی پی) سٹار پاکستانی بلے باز بابر اعظم نے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں تیز ترین ہزار رنز مکمل کر کے نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا، انہوں نے اتوار کو نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گئے تیسرے اور آخری ٹی ٹونٹی میچ میں انتہائی شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے شاندار ففٹی بنا کر بھارتی بلے باز ویرات کوہلی کا ریکارڈ توڑ کر یہ اعزاز حاصل کیا، کوہلی نے 27 اننگز میں تیز ترین ہزار رنز مکمل کر کے عالمی ریکارڈ پر قبضہ جمایا تھا جبکہ بابر اعظم نے صرف 26 میچز کی 26 اننگز میں سنگ میل عبور کر کے ان سے عالمی ریکارڈ چھین لیا۔ بابر اعظم ٹی ٹونٹی کرکٹ میں ہزار رنز مکمل کرنے والے چھٹے پاکستانی بلے باز ہیں، اس سے قبل شعیب ملک، محمد حفیظ، عمر اکمل، احمد شہزاد اور شاہد آفریدی بھی یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=120658