بابراعظم نے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں ویرات کوہلی کا ایک اور عالمی ریکارڈ برابر کر دیا

152
آئی سی سی ون ڈے پلیئرز رینکنگ، بابراعظم بدستور ٹاپ پوزیشن پر براجمان

ڈونیڈن۔17جنوری (اے پی پی):پاکستانی ٹیم کے سٹار بلے باز بابر اعظم نے نیوزی لینڈ کے خلاف مسلسل تیسرے ٹی ٹونٹی میچ میں نصف سنچری سکور کرکے منفرد ریکارڈ اپنے نام کرلیا، بابر نے کسی ایک ٹیم کے خلاف 8 نصف سنچریوں کا ویرات کوہلی کا ریکارڈ برابر کردیا۔

بابراعظم نے بدھ کے روز ڈونیڈن میں تیسرے ٹی ٹونٹی میچ میں 37 گیندوں پر58 رنز کی اننگز کھیل کر نیوزی لینڈ کے خلاف آٹھویں مرتبہ ففٹی پلس سکور کیا جبکہ ان سے قبل بھارت کے سٹار بلے باز ویرات کوہلی نے آسٹریلیا کے خلاف آٹھ نصف سنچریاں سکور کر رکھی ہیں۔

بابراعظم نے نیوزی لینڈ کے خلاف 18 اننگز میں 723 رنز بنائے ہیں جبکہ ویرات کوہلی نے آسٹریلیا کے خلاف 21 اننگز میں 794 رنز بنا رکھے ہیں۔ اس کے علاوہ بابراعظم نے اس نصف سنچری کے ساتھ ایک منفی ریکارڈ بھی اپنے نام کیا۔ وہ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میں دنیا کے دوسرے بلے باز بن گئے ہیں جنہوں نے 10 مرتبہ 50 یا اس سے زائد رنز کی اننگز کھیلی تاہم وہ ٹیم کو فتح دلوانے میں ناکام رہے۔

اس فہرست میں بھارت کے سابق کپتان ویرات کوہلی پہلے نمبر پر موجود ہیں جنہوں نے ٹی ٹونٹی میں11 مرتبہ50 یا اس سے زائد رنز کی اننگز کھیلی لیکن بھارتی ٹیم میچ جیتنے میں ناکام رہی۔