سنچورین۔14اپریل (اے پی پی):قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم ویرات کوہلی سے ون ڈے رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن چھیننے کے بعد ٹی ٹونٹی میں بھی ان سے آگے نکل گئے،
بابراعظم ٹی ٹونٹی میچوں کی ابتدائی 48 اننگز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے۔ تفصیلات کے مطابق ون ڈے کے نمبر ون بلے باز بابراعظم نے جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرے ٹی ٹونٹی میچ میں 122 رنز کی اننگز کھیل کر بھارتی کپتان ویرات کوہلی کو پیچھے چھوڑ دیا۔ بابر اعظم نے ٹی ٹونٹی کیریئر میں مجموعی طور پر 1916 رنز بنا لئے ہیں جو کسی بھی بلے باز کے ابتدائی 48 اننگز کھیل کر سب سے زیادہ مجموعی رنز ہیں۔
بھارت کے کپتان ویرات کوہلی نے 48 اننگز میں 1852 رنز بنائے، اتنی ہی اننگز میں آسٹریلیا کے ایرون فنچ نے 1635 رنز بنائے ہیں جبکہ ویسٹ انڈین سٹار کرس گیل 1537 اور فاف ڈوپلیسیز 1465 رنز بنا چکے ہیں۔ بابراعظم نے ون ڈے رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے کے بعد ٹی ٹونٹی میں بھی ٹاپ پوزیشن پر نظریں جما لیں۔