دبئی۔12ستمبر (اے پی پی):پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ ایوارڈ اپنے نام کرلیا، وہ تیسری مرتبہ پلیئر آف دی منتھ قرار پائے۔ منگل کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے اگست کے مہینے میں بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کرنے والے کرکٹر کا اعلان کیا۔
ماہ اگست کے بہترین کرکٹرز کیلئے پاکستان ٹیم کے کپتان بابراعظم، نائب کپتان شاداب خان اور ویسٹ انڈین کرکٹر نکولس پوران نامزد تھے تاہم ون ڈے کے نمبر ون بلے باز بابر اعظم کو اگست کے مہینے میں شاندار پرفارمنس پر پلیئر آف منتھ قرار دیا گیا ۔ انہوں نے یہ ایوارڈ تیسری مرتبہ اپنے نام کیا ہے۔ اس موقع پر بابراعظم نے کہا کہ پلیئر آف دی منتھ قرار پانے پر خوش ہوں،
گزشتہ ایک ماہ ہماری ٹیم کے لئے غیر معمولی رہا، ہم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ طویل عرصہ بعد ایشیا کپ کے میچز پاکستان میں ہوئے ، ایشیا کپ کے دوران اپنے ملک کے شائقین کے سامنے کھیل کر اچھا لگا۔