بابراعظم کی بی پی ایل میں شاندارانٹری ،رنگپور رائیڈرز نے سلہٹ سٹرائیکرز کو4وکٹوں سے شکست دے دی

116
Babar Azam
Babar Azam

میرپور۔23جنوری (اے پی پی):بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں پاکستان کے سٹار کرکٹر بابراعظم کی شاندار کارکردگی کی بدولت رنگ پور رائیڈرز نے سلہٹ سٹرائیکرز کو چاروکٹوں سے شکست دے دی، سلہٹ کا 121 رنز کا ہدف رنگپور نے 19ویں اوور میں 6وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، بابراعظم نے 56 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، عظمت اللہ عمرزئی کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

منگل کو شیربنگلہ نیشنل سٹیڈیم میرپور میں کھیلے گئے بی پی ایل کے 7ویں میچ میں رنگ پور رائیڈرز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، سلہٹ سٹرائیکرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 120 رنز بناپائی، سلہٹ کی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا جب اس کے پانچ مستند بلے باز 39 کے مجموعی سکور پر آئوٹ ہوگئے۔

اس موقع پر بینی ہوویل اور بین کٹنگ نے سکور کو آگے بڑھایا، دونوں بیٹرز 37,37 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ سلہٹ کے 7 بیٹرز ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔ سلہٹ کی طرف سے مہدی حسن اور رپون مونڈل نے دو دو جبکہ محمد نبی اور حسن مراد نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

سلہٹ کا 121 رنز کا ہدف رنگپور رائیڈرز نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 18.2 اوورز میں حاصل کرلیا، رنگپور رائیڈرز کی اننگز کا آغاز بھی انتہائی مایوس کن رہا، ہدف کے تعاقب میں رنگپور کی ٹیم 39 کے سکور پر 6 قیمتی وکٹیں گنوا کر مشکلات کا شکار ہوگئی تاہم اس موقع پر بابراعظم نے عظمت اللہ عمرزئی کے ساتھ شاندار شراکت قائم کرکے اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرادیا۔

بابراعظم 49 بالوں پر 56 اور عظمت اللہ 35 بالوں پر 47 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔ سلہٹ سٹرائیکرز کی طرف سے دوشان ہیمانتھا نے تین وکٹیں حاصل کیں، رچرڈ انگاراوا، تنظیم حسن اور ناظم الاسلام نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ عظمت اللہ عمرزئی کو شاندار پرفارمنس پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔