دبئی ۔26جنوری (اے پی پی):پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز بلے باز بابر اعظم آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر براجمان ہیں۔بھارت کے بلے باز ویرات کوہلی دوسرے اور بھارت کے ہی بلے باز روہت شرما تیسرےنمبر پر ہیں۔جنوبی افریقا کے کوئنٹن ڈی کاک کی ترقی ہوئی ہے اور وہ پانچ درجے ترقی پاکر پانچویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ کے بلے بازوں کی عالمی رینکنگ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز بلے باز بابر اعظم سب سے زیادہ 873 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ بدستور پہلے نمبر پر برقرار ہیں۔
بھارت کے ویرات کوہلی 836 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے جبکہ بھارت کے ہی اوپننگ بلے باز روہت شرما 801 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔ نیوزی لینڈ کے روس ٹیلر چوتھے، جنوبی افریقا کے کوئنٹن ڈی کوک 5 درجے ترقی پاکر پانچویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں، آسٹریلوی آرون فنچ ، انگلینڈ کے جونی بیرسٹو اور آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر کی ایک ایک درجہ تنزلی ہوئی ہے اورآسٹریلوی آرون فنچ چھٹے ، انگلینڈ کے جونی بیرسٹو ساتویں اور آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنرآٹھویں نمبر پر چلے گئے ہیں ۔نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن نویں نمبر پر ہیں اور جنوبی افریقا کے راسی وان ڈر ڈوسین کی ٹاپ 10میں انٹری ہوگئی ہے ۔
پاکستان کے فخرزمان بارہویں اور امام الحق16 ویں نمبر پر ہیں۔بائولنگ کے شعبے میں کیوی بائولر ٹرینٹ بولٹ سرفہرست، آسٹریلیا کے جوش ہیزل ووڈ دوسری، انگلینڈ کے کرس ووئیکس تیسری، افغانستان کے مجیب الرحمان چوتھی، بنگلہ دیش کے مہدی حسن پانچویں، نیوزی لینڈ کے میٹ ہینری چھٹی، بھارت کے جسپریت بمرا ساتویں، آسٹریلیا کے مچل سٹارک آٹھویں، بنگلہ دیش کے شکیب الحسن نویں اور آئرلینڈ کے اینڈی میکبرائن 17 درجے ترقی پاکر دسویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔