دبئی۔8جون (اے پی پی):قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز بیٹر بابر اعظم آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں ایک درجہ ترقی پا کر چوتھے نمبر پر آگئے ہیں، انگلش کپتان جو روٹ دو درجے ترقی کے ساتھ دوسرے جبکہ کیوی کپتان کین ولیمسن دو درجے تنزلی کے ساتھ پانچویں نمبر پر چلے گئے ہیں، آسٹریلوی بیٹر مارنس لابوشین کی پہلی پوزیشن برقرار ہےِ، بائولنگ رینکنگ میں پاکستانی فاسٹ بائولر شاہین شاہ آفریدی ایک درجہ تنزلی کے بعد پانچویں نمبر پر چلے گئے ہیں جبکہ آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہیں۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بدھ کے روز ٹیسٹ کھلاڑیوں کی تازہ ترین درجہ بندی جاری کر دی ہے جس کے مطابق بیٹنگ میں آسٹریلیا کے مارنس لابوشین 892 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر موجود ہیں، انگلینڈ کے کپتان جو روٹ کی دو درجے بہتری ہوئی ہے اور وہ 882 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن پر آگئے ہیں، آسٹریلیا کے سٹیون سمتھ ایک درجہ تنزلی کے بعد تیسرے نمبر پر چلے گئے ہیں،
ان کے ریٹنگ پوائنٹس کی تعداد 845 ہے، پاکستان کے کپتان بابر اعظم ایک درجہ ترقی کے بعد 815 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر پہنچ گئے ہیں جبکہ نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن کی دو درجے تنزلی ہوئی ہے اور وہ 806 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر آگئے ہیں، سری لنکن کپتان دیمتھ کرونا 772 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ چھٹے،
آسٹریلیا کے عثمان خواجہ 757 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ ساتویں، بھارت کے روہیت شرما 754 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ آٹھویں، آسٹریلیا کے ترواس ہیڈ 744 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ نویں اور بھارتی کپتان ویرات کوہلی 742 پوائنٹس کے ساتھ دسویں نمبر پر ہیں۔
بائولنگ رینکنگ میں آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز 901 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ پہلے اور بھارتی سپنر روی چندرن ایشون 850 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر براجمان ہیں، کیوی فاسٹ بائولر کائل جمیسن دو درجے ترقی پا کر 836 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں،
بھارتی پیسر جسپریت بمہرا اور پاکستانی فاسٹ بائولر شاہین شاہ آفریدی ایک، ایک درجہ تنزلی کے بعد بالترتیب چوتھے اور پانچویں نمبر پر چلے گئے ہیں، آل رائونڈرز کی درجہ بندی میں بھارت کے روندرا جدیجا پہلے، بھارت ہی کے روی چندرن ایشون دوسرے اور ویسٹ انڈیز کے جیسن ہولڈر تیسرے نمبر پر ہیں، واضح رہے کہ آل رائونڈرز میں پاکستان کا کوئی بھی کھلاڑی ٹاپ ٹین میں شامل نہیں ہے۔