اسلام آباد۔14دسمبر (اے پی پی):قومی ٹیم کے سابق کپتان رمیز راجہ نے کہا ہے کہ بابر اعظم نہ صرف پاکستان بلکہ دنیائے کرکٹ کے اہم کھلاڑی ہیں‘ سب ان کو دیکھنا چاہتے ہیں‘ ان کا نہ ہونا پاکستان کے لئے نقصان دہ ہوگا‘ ٹی ٹونٹی میں پاکستان کا ریکارڈ بہت اچھا ہے‘ بابر اعظم کی عدم موجودگی میں نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع ملے گا۔ پیر کو اپنے یو ٹیوب چینل پر بات کرتے ہوئے رمیز راجہ نے کہا کہ قید تنہائی میں زندگی گزارنا ایک مشکل صورتحال ہے اور قرنطینہ کے بعد گرائونڈ میں جانا آسان نہیں ہوتا۔ کپتان بابراعظم کا پریکٹس کے دوران انگوٹھا فریکچر ہونے سے ٹی ٹونٹی سیریز سے باہر ہونا بہت بڑا جھٹکا ہے۔ رمیز راجہ نے کہا کہ بابر اعظم نہ صرف پاکستان بلکہ دنیائے کرکٹ کے اہم کھلاڑی ہیں‘ سب ان کو دیکھنا چاہتے ہیں‘ ان کا نہ ہونا پاکستان کے لئے نقصان دہ ہوگا۔ امام الحق بھی فٹ نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کمبی نیشن بننے میں وقت لگے گا‘ انجریز کی وجہ سے کمبی نیشن تبدیل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ حیران ہوں کہ کوئنزٹاﺅن میں قومی سکواڈ کو پریکٹس کے لئے کیوں بھیجا گیا۔ کوئنزٹائون دنیا کا خوبصورت ترین علاقہ ہے یہاں کرکٹ ریگولر نہیں ہوتی اس لئے یہاں پریکٹس کی سہولیات بھی اس پائے کی نہیں ہونگی۔ ریگولر سنٹرز میں جاکر پریکٹس کیوں نہیں کی گئی۔کوئنز ٹاﺅن میں پریکٹس سیشن کرنا اچھی حکمت عملی نہیں تھی‘ اس کا خمیازہ ہمیں بابر اعظم کے ان فٹ ہونے کی صورت میں بھگتنا پڑا۔ 14 دن قرنطینہ کے بعد فوری پریکٹس کرنا آسان نہیں ہوتا۔ رمیز راجہ نے کہا کہ اب دیکھنا یہ ہے کہ پاکستانی کھلاڑی کتنی جلدی سنبھلتے ہیں‘ ان کا فوکس کرکٹ کی طرف ہونا چاہیے۔ رمیز راجہ نے کہا کہ جو ہونا تھا وہ ہوگیا‘ مشکل صورتحال کو برداشت کرنے کے بعد کھلاڑی اب ذہنی طور پر مضبوط ہوں گے‘ اب اگلا ہدف نسبتاً آسان ہوگا۔ ٹی ٹونٹی کرکٹ میں پاکستان کا بہت اچھا ریکارڈ ہے۔ بابر اعظم کی غیر موجودگی میں نئے کھلاڑی کو موقع ملے گا۔ ان کے لئے اپنی صلاحیتیں دکھانے کا بہترین موقع ہے۔ پاکستان کو فل سپیڈ میں کرکٹ کھیلنی ہے‘ یہ آسان نہیں ہے لیکن اس کے علاوہ کوئی آپشن بھی نہیں ہے۔ اب صحیح مقابلہ گراﺅنڈ میں ہوگا۔ میری نیک تمنائیں قومی ٹیم کے ساتھ ہیں۔