اسلام آباد۔24اگست (اے پی پی):نیوزی لینڈ کے سابق کرکٹر سکاٹ سٹائرس نے کہا ہے کہ مجھے بابر اعظم کی کمزوریوں کو جاننے کے لئے گھنٹوں ویڈیوز دیکھنا پڑیں گی،ایشیا کپ میں بابراعظم کو آئوٹ کرنے کیلئے بائولرز کو سپیشل بال کرنا پڑے گی۔
غیر ملکی جریدے کے مطابق ایک بیان میں سابق کیوی آل رائونڈر نے کہا کہ بابر اعظم کو آئوٹ کرنے کے لئے بائولرز کو خاص بال کرنا پڑے گا، بابر اس وقت ون ڈے اور ٹی ٹونٹی کے نمبر ون بیٹر ہیں اور بھرپور فارم میں ہیں، وہ جب چاہتے ہیں رنز کے انبار لگا دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی باصلاحیت بائولر ہیں، ان کی غیر موجودگی سے پاکستان ٹیم پر گہرا اثر پڑے گا، صرف بھارت ہی نہیں دنیا کی تمام ٹیموں کے ٹاپ آرڈر بیٹر شاہین آفریدی کے نہ کھیلنے پر خوش ہوں گے۔ شاہین شاہ آفریدی کی غیر موجودگی سے دیگر ٹیموں کو ایشیا کپ میں فائدہ ہو گا۔