راولپنڈی۔5مارچ (اے پی پی):اسلام آباد یونائٹیڈ کے نوجوان فاسٹ باؤلر حنین شاہ نے کہا ہے کہ بابر اعظم کا رن آؤٹ ہونا ٹرننگ پوائنٹ تھا ، پشاور زلمی کے خلاف کامیابی ٹیم ورک کا نتیجہ ہے ، حنین شاہ نے میچ میں 25 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں۔ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں پشاور زلمی کے خلاف میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے حنین شاہ نے کہا کہ ہمیشہ یہی کوشش ہوتی کہ اچھی لائن و لینتھ پر بائولنگ کروں ۔ بھائی نسیم شاہ نے بھی یہی مشورہ دیا کہ لینتھ پر بائولنگ کرو گے تو کامیابی ملے گی ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سابق آل راؤنڈر عبدالرزاق نے مجھے بہت سپورٹ کیا اور مکمل اعتماد کا اظہار کیا ۔ انہوں نے سینٹرل پنجاب کی جانب سے کھلایا اور نیشنل ٹی 20 کپ میں موقع دیا، تمام سینیئرز مجھے بہت سپورٹ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا میچ میں تمام کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ۔ بابر اعظم کا رن آؤٹ ہونا ہمارے لیے ٹرننگ پوائنٹ تھا، حنین شاہ نسیم شاہ اور عبید شاہ کے بھائی ہیں ،
ان کا کہنا ہے کہ ہم ٹیم میں تین پروفیشنلز ہیں، یہ نہیں سوچتے کہ بھائی کیا کر رہا، تینوں بھائیوں کی خواہش پاکستان کھیلنا ہے، ایک بھائی پاکستان کے لیے کھیل رہے ہیں اور ہم بھی پاکستان کھیلنے کے لیے سخت محنت کر رہے ہیں ۔ واضح رہے کہ پاکستانی فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کے دونوں بھائی حنین شاہ اور عبید شاہ اسلام آباد یونائیٹڈ کا حصہ ہیں اور پی ایس ایل میں یہ پہلی بار ہے کہ ایک ٹیم میں تین بھائی ایک ساتھ شامل ہیں اور تینوں ہی فاسٹ باؤلر ہیں۔