کراچی۔ 30 ستمبر (اے پی پی)پاکستانی ٹیم کے سٹار بلے باز بابر اعظم نے سری لنکا کے خلاف دوسرے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں شاندار سنچری داغ دی، یہ ان کے کیریئر کی گیارہویں سنچری ہے۔ اس کے ساتھ بابر اعظم 2013 کے بعد ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں کسی کیلنڈر ایئر میں ایک ہزاررنز بنانے والے پہلے پاکستانی ہیں۔بابر اعظم نے یہ کارنامہ رواں سال اپنی 19 ویں اننگز میں انجام دیا جس کے بعد وہ ایک سال میں ہزار رنز بنانے والے تیز ترین پاکستانی بلے باز بھی بن گئے۔ انہوں نے سال 2019 میں اپنا 1000واں رن سری لنکا کے خلاف دوسرے ون ڈے میں اپنی اننگز کے 54 واں رن مکمل کرکے حاصل کیا۔ ان سے قبل 2013 میں مصباح الحق اور محمد حفیظ نے کیلنڈر ایئر کے دوران ہزار رنز بنائے تھے۔ بابر اعظم مجموعی طور پر پاکستان کے 10ویں کھلاڑی ہیں جنہوں نے سال میں ایک ہزار یا زائد ون ڈے رنز بنائے، ان سے قبل محمد یوسف یہ کارنامہ 3 بار انجام دے چکے ہیں جبکہ اعجاز احمد، عامر سہیل، محمد حفیظ اور انضمام الحق نے دو ، دو مرتبہ سال میں ہزار ون ڈے رنز بنائے ہیں۔جاوید میانداد، مصباح الحق، یونس خان اور سعید انور نے یہ کارنامہ ایک، ایک بار انجام دیا۔