بابوسر ٹاپ ،گیٹی داس کے مقام پر سیاحوں کی گاڑی گہری کھائی میں گر گئی ، 8 افراد جاں بحق ، 9 زخمی

174
مانسہرہ

مانسہرہ۔ 28 جولائی (اے پی پی):مانسہرہ بابوسر ٹاپ کے قریب گیٹی داس کے مقام پر مسافر گاڑی گہری کھائی میں جا گری، جس کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق جبکہ 9 افراد شدید زخمی ہو گئے۔ ڈی ایس پی بالا کوٹ سعید جدون کے مطابق ٹیوٹا ہائی ایس نمبر lES 4618 ناران سے بابو سر ٹاپ جارہی تھی کہ چڑھائی پر گاڑی گرم ہونے کی وجہ سے روک دی گئی اور گاڑی کے پچھلے ٹائر کے ساتھ پتھر رکھ دیا گیا تاہم گاڑی بے قابو ہوکر گہری کھائی میں جاگری ، جس کے نتیجہ میں 8 افراد جاں بحق جبکہ 9 افراد شدید زخمی ہو گئے، حادثے کی اطلاع ملنے پرپولیس ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پہنچ گئیں جنہوں ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والوں اور زخمیوں کو کھائی سے نکال لیا ، زخمیوں کو ریجنل ہیڈکوارٹر ہسپتال چلاس منتقل کیا گیا۔

جاں بحق ہونے والوں میں نادیہ زوجہ سرفراز ، طلحہ عرفان ولد عرفان ، وقاص عرفان ولد عرفان ، محمد عرفان ولد محمد دین ،محمد سرفراز ولد محمد دین ،سعید ظفر ولد ظفر ، ثاقب عرفان ولد محمد عرفان جبکہ زخمیوں میں زاہد ولد سرفراز ، ردا دختر سرفراز ، عروج فاطمہ دختر عرفان ،آمنہ دختر محمد ظفر ، عطیہ زوجہ عرفان ، عائشہ دختر سرفراز ، عبدالمالک ولد حاجی ریاض ، مریم دختر محمد ظفر ، زینت زوجہ محمد ظفر شامل ہیں ۔ پولیس کے مطابق حادثہ کا شکار ہونے والوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے اور وہ ساہیوال کے رہائشی تھے ، جاں بحق ہونے والوں کی لاشیں بی ایچ یو ناران منتقل کردی گئیں ہیں ۔