29.4 C
Islamabad
اتوار, مئی 18, 2025
ہومعلاقائی خبریںبارانی زرعی یونیورسٹی کا24واں کانووکیشن،8ہزار سے زائد گریجویٹس میں ڈگریاں تقسیم

بارانی زرعی یونیورسٹی کا24واں کانووکیشن،8ہزار سے زائد گریجویٹس میں ڈگریاں تقسیم

- Advertisement -

اسلام آباد۔17مئی (اے پی پی):گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ جب ہماری قوم متحد ہوتی ہے تو اللہ ہمیں کامیابی عطا کرتا ہے ،ہم نے بھارت کی جانب سے مسلط کی گئی جنگ میں فتح حاصل کی اور اپنے سبز پاسپورٹ کی قدر کو عالمی سطح پر بلند کیا ہے ،انہوں نے مسلح افواج کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور فارغ التحصیل طلبا سے زراعت میں جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لانے پر زور دیا ۔

- Advertisement -

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی کے 24ویں کانووکیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانووکیشن میں 2022 اور 2023 کے 8,222 گریجویٹس نے ڈگریاں حاصل کیں ۔

تقریب میں معززین، فیکلٹی ارکان اورطلبا کے والدین نے شرکت کی ،2022 کے 4,303 طلباء، جن میں 69 پی ایچ ڈی ڈگریاں، 56 گولڈ، 26 سلور، اور 28 برونز میڈلز اور 2023 کے 3,919 طلباء، جن میں 86 پی ایچ ڈی ڈگریاں، 59گولڈ، 30 سلور اور 24برونز میڈلز جبکہ دو طلباء کو بینک آف پنجاب گولڈ میڈل جبکہ ایک طالب علم کو لیٹریسی سینٹر اسٹوڈنٹ میڈل سے نوازا گیا ۔

گورنرپنجاب نے اپنے خطاب میں بڑوں کا احترام کرنے پر زور دیا اور کہا کہ جن کے والدین زندہ ہیں، وہ ان کے پاؤں چھوئیں اور جنہوں نے والدین کھو دیے ہیں، وہ اپنی کامیابی بانٹنے کے لیے ان کی قبروں پر حاضری دیں ،انہوں نے بارانی زرعی یونیورسٹی کی قیادت کو زرعی تحقیق کے میدان میں یونیورسٹی کو ایک روشن مثال بنانے پر سراہا اور ان کے ویژن کو مزید سپورٹ دینے کا عہد کیا۔

ایچ ای سی چیئرمین ڈاکٹر مختار احمد نے فارغ التحصیل طلباء کی محنت کو سراہتے ہوئے تعلیم کے قومی ترقی میں کردار پر روشنی ڈالی اور کہا کہ آپ کی کامیابیاں محنت کا ثمر ہیں ،انہوں نے طلبا سے پاکستان کی ترقی کو ترجیح دینے کی اپیل کی، ساتھ ہی تحقیق پر مبنی تعلیم کے لیے ایچ ای سی کے عزم کو دہرایا ۔

بارانی زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمر الزماں نے فارغ التحصیل طلباء کی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے یونیورسٹی میں جاری تعلیمی، تحقیقی اور ترقیاتی پروگراموں بارے شرکاء کو آگاہ کیا اور کہا کہ ان کے 2019–2023 کے دور میں لیبز، اسمارٹ کلاس رومز، اور ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کو اپ گریڈ کیا گیا اور سی پیک ایگریکلچر کوآپریشن سنٹر،نیشنل سنٹر فار لائیوسٹاک بریڈنگ اینڈ جینومکس اورسنٹر فار پریسژن ایگریکلچر جیسے مراکز قائم کیے گئے ،مستقبل کے منصوبے بارے آگاہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 23 مربوط انڈرگریجویٹ/گریجویٹ پروگرامز اٹک سب کیمپس میں شروع کیئے جا رہے ہیں ،انہوں نے کلائیمٹ سمارٹ ایگریکلچر ایکسیلنس سنٹر قائم کرنے کا بھی اعلان کیا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=598239

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں