سیالکوٹ۔14اکتوبر (اے پی پی):اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت (توسیع) سیالکوٹ جواہر علی نے کہا ہے کہ بارانی علاقوں کے کاشتکار گندم کی فی ایکڑ زیادہ پیداوار کیلئے منظور شدہ اقسام کاشت کریں۔ بارانی علاقوں میں گندم کی کاشت کا وقت 15 اکتوبر تا15 نومبر ہے۔بارانی علاقوں کے کاشتکار بارش کے پانی کو محفوظ کرنے کیلئے گہرا ہل چلائیں تاکہ بوقتِ کاشت وتر مہیا ہو سکے۔’’اے پی پی ‘‘سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ بارانی علاقوں کے کاشتکار زمین کی تیاری شروع کردیں۔ اگر گلی سٹری کھاد ابھی تک نہ ڈالی ہو تو فوراً ڈال لیں اور زمین میں اچھی طرح ملا دیں۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ بارانی علاقوں میں گندم کی کاشت کیلئے محکمہ زراعت کی منظور شدہ اقسام پاکستان2013،فتح جنگ2016،بارانی 2017،مرکز19،ایم اے21،نشان21 اور عروج22 ہیں۔بارانی علاقوں کے کاشتکار گندم کی فی ایکڑ زیادہ پیداوار کیلئے صرف محکمہ زراعت پنجاب کی منظور شدہ اقسام کا تصدیق شدہ بیج استعمال کریں۔گندم کی کاشت سے قبل بیج کو محکمہ زراعت توسیع کے مقامی ماہرین کے مشورہ سے زہرآلود کرلیں تاکہ گندم کی فصل کیڑوں سے محفوظ رہے۔گندم کی بوائی کیلئے بیج کو صاف کر کے استعمال کریں۔