لاہور۔5اکتوبر (اے پی پی):محکمہ زراعت پنجاب نے بارانی علاقوں کے کاشتکاروں کو گندم کی زیادہ پیداوار کیلئے منظور شدہ اقسام کاشت کرنے کی ہدایت کی ہے، کاشتکارگندم کی بارانی علاقوں کیلئے کی کاشت20اکتوبرتا15 نومبر تک مکمل کریں۔
ترجمان کے مطابق گندم کی بوائی کیلئے40 تا50 کلوگرام فی ایکڑ بیج استعمال کریں نیزبیج کے اگاؤ کی شرح 85 فیصد سے کم نہیں ہونی چاہیے ، کاشت سے قبل بیج کو محکمہ زراعت پنجاب کے مقامی عملے کے مشورہ سے پھپھوندی کش زہر ضرور لگا لیں،گندم کی کاشت سے قبل عام ہل چلائیں اور سہاگہ دیں تاکہ اگنے والی جڑی بوٹیاں تلف ہو جائیں،کاشتکار بوائی سے قبل دو مرتبہ عام ہل چلائیں اور بھاری سہاگہ دیں تاکہ وتر زمین کی اوپر والی تہہ میں آجائے اور بذریعہ ڈرل گندم کی کاشت یقینی بنائیں۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ کم بارش والے علاقوںمیں بوائی سے قبل زمین کی تیاری کے وقت ایک بوری ڈی اے پی اور پونی بوری یوریا اورآدھی بوری ایس او پی یا دو بوری نائٹرو فاس اور آدھی بوری ایس او پی فی ایکڑ ڈالیں ج کہ درمیانی اور زیادہ بارش والے علاقہ جات میں دو بوری ڈی اے پی اورسوا بوری یوریا اورآدھی بوری ایس او پی یا پانچ بوری سنگل سپر فاسفیٹ(18فیصد) اور دو بوری یوریا اور آدھی بوری ایس او پی فی ایکڑ استعمال کریں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=508655