بارباڈوس۔1ستمبر (اے پی پی): بارباڈوس نے کیربین پریمئر لیگ کے 14 ویں میچ میں جمیکا تلاوا کو 6 وکٹوں سے ہرا دیا۔فاتح ٹیم نے جمیکاتلاوا کی طرف سے ملنے والا 161 رنز کا ہدف 19 ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، بارباڈوس رائلز کے ایلک ایتھنیز نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے 76 انفردی رنز کی دلکش اننگز کھیلی۔
عمدہ بلے بازی پر ان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔جمیکا تلاواکے شمر بروکس کی 78 رنز کی اننگز بھی اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی۔جمعہ کو کینسنگٹن اوول، برج ٹاؤن، بارباڈوس میں کھیلے گئے سی پی ایل کے 14 ویں میچ میں بارباڈوس رائلز کے کپتان رومین پاول نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا ۔ جمیکا تلاوانے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز بناکر بارباڈوس کو میچ میں کامیابی کے لئے 161 رنز کا ہدف دیا۔ وکٹ کیپر بلے باز شمر بروکس78 رنز کے ساتھ نمایاں رہے ۔
پاکستان کے عماد وسیم نے 24 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے دو چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 33 رنز سکور کئے ۔ جیسن ہولڈر اور قیس احمد نے 2، 2 جبکہ کائل میئرز اور وان ڈی میروی نے 1،1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا ۔جواب میں بارباڈوس رائلز نے مایہ ناز بلے باز ایلک ایتھنیزکی 76 رنز کی شاندار بیٹنگ کی بدولت مطلوبہ ہدف 19ویں اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر بآسانی حاصل کر کے لیگ میں دوسری فتح حاصل کرلی ۔ جمیکا تلاواکے کرس گرین نے 2 جبکہ سلمان ارشاد اور عماد وسیم نے 1،1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا ۔ایلک ایتھنیز کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔