24.4 C
Islamabad
پیر, ستمبر 1, 2025
ہومقومی خبریںبارسلونا میں ممتاز صحافی علی فرقان کی کتاب 9 مئی سے 8...

بارسلونا میں ممتاز صحافی علی فرقان کی کتاب 9 مئی سے 8 فروری تک کی تقریب رونمائی ، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی مہمان خصوصی تھے

- Advertisement -

بارسلونا۔26اگست (اے پی پی):سپین کے شہر بارسلونا میں پاکستان پریس کلب سپین کے زیراہتمام عالمی نشریاتی اداروں سے وابستہ ممتاز صحافی علی فرقان کی کتاب "9 مئی سے 8 فروری تک” کی تقریب رونمائی منعقد ہوئی جس کے مہمانِ خصوصی گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی تھے، قونصل جنرل پاکستان مراد علی وزیر، سپین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی، صحافیوں اور سماجی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

منگل کو یہاں موصولہ پریس ریلیز کے مطابق گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج کے دور میں کتاب لکھنا اور پڑھنا مشکل ہو گیا ہے لیکن علی فرقان نے پاکستانی تاریخ کے ایک اہم دور کو قلمبند کر کے بہترین کام انجام دیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ اختلافات اپنی جگہ لیکن ریاست کے خلاف کبھی کوئی نہیں کھڑا ہوگا۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پارلیمان سپریم ادارہ ہے اور ملک کے پالیسی فیصلے وہیں طے ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو چارٹر آف پراسپیرٹی کی ضرورت ہے اور ہمیں اوورسیز پاکستانیوں کو اپنے ملک کی طرف راغب کرنا ہے۔

- Advertisement -

ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں امن و ترقی کے لیے دہشت گردوں کو ہتھیار ڈالنا ہوں گے کیونکہ مٹھی بھر دہشت گرد پاکستان کو شکست نہیں دے سکتے۔قونصل جنرل پاکستان بارسلونا مراد علی وزیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ کتب بینی ہمارے معاشرے سے ختم ہوتی جا رہی ہے لیکن علی فرقان کی یہ کتاب اس روایت کو زندہ رکھنے کی ایک کامیاب کوشش ہے۔کتاب کے مصنف علی فرقان نے کہا کہ یہ کتاب ایک سند اور تاریخ کا حصہ ہے جو حقائق پر مبنی ہے اور اس میں شامل سیاستدانوں کے انٹرویوز جھٹلائے نہیں جا سکتے

۔ انہوں نے کہا کہ مقصد یہ تھا کہ پاکستان کے مشکل سیاسی دور کو محفوظ کیا جائے تاکہ آنے والی نسلوں کے لیے ایک مستند حوالہ موجود رہے۔تقریب میں صحافی شاہد احمد شاہد، چوہدری امتیاز آکیا، محسن رضا خان، پروفیسر طاہر نعیم ملک، چیئرمین کشمیر کونسل یورپین یونین علی رضا سید، ایاز عباسی اور وسیم رزاق نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ علی فرقان کے انٹرویوز اور ان کی تحریریں تاریخ کا حصہ ہیں اور یہ کتاب حقائق کو محفوظ کرنے کی ایک اہم کاوش ہے۔

 

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں