بارشوں اور سیلاب سے تباہ کاری ملک کیلئے بڑا امتحان ہے، وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو ہم آہنگی کے ساتھ عوام کی مدد کرنی چاہیے، وفاقی وزیر اعظم نذیر تارڑ

58

اسلام آباد۔17اگست (اے پی پی):سینیٹ میں قائد ایوان و وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ بارشوں اور سیلاب سے تباہ کاری ملک کے لئے بڑا امتحان ہے، یہ وقت ایک دوسرے کا گریبان پکڑنے اور تہمتیں لگانے کا نہیں، وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو مل کر متاثرہ عوام کی مدد کرنی چاہیے۔

بدھ کو ایوان بالا کے اجلاس کے دوران ایوان بالا کے اجلاس میں سینیٹر طاہر بزنجو کے نکتہ اعتراض کے جواب میں قائد ایوان نے کہا کہ تقسیم کی سیاست ہماری بنیادوں کو نقصان پہنچا رہی ہے، اس وقت ملک کے زیادہ تر علاقوں میں شدید بارشوں اور سیلاب سے لوگ مشکلات کا شکار ہیں، پورا ملک ایک آفت کا شکار ہے، متاثرین کی بحالی کے لئے کام کرنے کی ضرورت ہے۔

وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں کی طرف سے دیئے جانے والے پیکج سے بالا تر ہو کر متاثرین کی مدد کرے گی۔امدادی سامان کی تقسیم میں شکایات کا ازالہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو ہم آہنگی کے ساتھ عوام کی مدد کرنی چاہیے، ذاتی سیاسی مفاد کی بجائے ملک کے عوام کے لئے سوچنا چاہیے۔