بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ افراد کی بحالی کیلئے صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر کام کریں گے، متاثرین کو امداد کی شفاف تقسیم پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے ، وزیراعظم محمد شہباز شریف کی سیلاب متاثرین سے گفتگو

83
بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ افراد کی بحالی کیلئے صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر کام کریں گے، متاثرین کو امداد کی شفاف تقسیم پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے ، وزیراعظم محمد شہباز شریف کی سیلاب متاثرین سے گفتگو

غذر ۔2ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ افراد کی بحالی کیلئے صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر کام کریں گے، متاثرین کو امداد کی شفاف تقسیم پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے چاہے اس کیلئے حکومت کی قربانی دینا پڑے۔ وزیرا عظم نے غذر کے علاقہ بوبر گائوں کی بحالی کیلئے 10 کروڑ روپے جبکہ پانچ کلومیٹر سٹرک کی تعمیر کیلئے گرانٹ کی فراہمی کا اعلان کیا۔

جمعہ کو گلگت بلتستان کے دورہ کے موقع پر سیلاب متاثرین سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ہم مصیبت کی اس گھڑی میں آپ کے پاس حاضر ہوئے ہیں اور بارشوں سے جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہیں، آپ کے پیاروں کے بچھڑنے کا ہمیں دلی افسوس ہے، سیلابی ریلے نے غذر میں جو تباہی مچائی ہے اس پر پورا پاکستان افسردہ ہے، بارشوں، دریائوں کی طغیانی اور سیلاب سے پورے پاکستان میں جو تباہی پھیلی ہے اس کی مثال نہیں ملتی، سندھ اور بلوچستان میں ہر طرف ایک تباہی مچی ہے، خیبرپختونخوا میں سوات ویلی میں تباہی مچی ہے، پنجاب کے جنوبی اضلاع میں تباہی ہوئی ہے، گلگت بلتستان میں بھی انتہائی افسوسناک اور دکھ بھری کہانی ہے، ایک ہزار سے زائد جاں بحق اور ہزاروں زخمی ہوئے، لاکھوں گھر تباہ ہوئے، لاکھوں مال مویشی بہہ گئے، ہزاروں ایکڑ اراضی پر کھڑی فصلیں تباہ ہوئیں۔

انہوں نے کہا کہ معاشی طور پر پاکستان پہلے ہی مشکل صورتحال میں تھا، اب سیلاب اور بارشوں کی صورت میں ایک اور امتحان آ گیا ہے تاہم اﷲ کے کرم اور مہربانی سے اس کا مقابلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اتحادی جماعتوں کی طرف سے یہ بتانے آئے ہیں کہ متاثرین کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے، متاثرین کی کہانیاں دلی کو چیرتی ہیں، یہاں بیٹھی بچی کے خاندان کے 8 افراد طغیانی کی نظر ہو گئے، اﷲ پاک اس بچی کو صبر و ہمت دے، یہ حکم الہٰی ہے اس کے آگے کسی کی نہیں چلتی، اﷲ پاک ان جاں بحق ہونے والے تمام افراد کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطاء فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطاء فرمائے، غذر میں 17 افراد جاں بحق ہوئے، وفاقی حکومت کی جانب سے سیلاب اور بارشوں سے جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کو 10 لاکھ روپے معاوضہ دیا جا رہا ہے تاہم یہ معاوضہ دکھوں کا مداوا نہیں تاہم زندہ رہنے والوں کیلئے وسائل چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ 24 گھنٹوں میں ان 17 افراد کے لواحقین کو یہ معاوضہ مل جانا چاہئے، تباہ ہونے والے گھروں کا معاوضہ بھی دیں گے، این ڈی ایم اے کی طرف سے مشترکہ سروے کا آغاز کر دیا گیا ہے، مشکلات کا مل کر انصاف کے ساتھ مداوا کریں گے، پوری قوم کو یہ یقین دلاتے ہیں اور وعدہ کرتے ہیں کہ امداد صرف حقدار کو ملے گی، شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، میری جان یا حکومت چلی جائے اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کروں گا، ایک ایک پائی حقدار تک پہنچے گی، اس میں کوئی سیاست آڑے نہیں آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ جو بھی آپ کے حق کیلئے لڑے گا اس کو شاباش دیں گے، یہ ایک جہاد ہے، اس میں سب نے مل کر آگے بڑھنا ہے، دکھی انسانیت کا ہاتھ تھامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے دوست ممالک تعاون کر رہے ہیں، ترکیہ سے ایک وفد آیا، ان سے ملاقات ہوئی، وہ ہر طرح کی مدد کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے بھائیوں کی طرح اپنا دل کھولا ہے، اسی طرح متحدہ عرب امارات سے بھی امداد موصول ہو رہی ہے، چین، برطانیہ، امریکہ، قطر سمیت دیگر ممالک سے بھی امداد مل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنی زندگی میں اتنی بڑی سیلابی کبھی نہیں دیکھی، میں اور میرے ساتھی اور حکومت چین سے نہیں بیٹھیں گے اور نہ ہی سیاست کریں گے، صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر کام کریں گے، گلگت بلتستان سمیت سب کو ایک کانفرنس میں دعوت دی، ہم پھر انہیں دعوت دیں گے، وہ آئیں گے تو ہمیں خوشی ہو گی، ہم مل کر کام کریں گے، یہ قوم کو سیاست سے بالاتر ہو کر اس صورتحال سے نکالنے کا وقت ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب سے جن کے گھروں کو نقصان پہنچا ہے ،ان کیلئے 25 ہزار روپے نقد رقم دی جا رہی ہے، فصلوں، گھروں کا معاوضہ اس کے علاوہ ہے، وفاقی حکومت کی جانب اسے رقم کی تقسیم شروع ہو چکی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ متاثرین سے التماس ہے کہ وہ صبر سے کام لیں، آخری متاثرہ شخص کی بحالی تک ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہیں، ہم آپ کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔

انہوں نے خاندان کے 8 افراد کے لواحقین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خاندان کیلئے اس سے بڑے دکھ کی کیا بات ہو گی مگر یہ اﷲ کا حکم ہے، انبیاء کے پیارے بھی ان سے بچھڑے، اس خاندان کو سہارا دینا ہم سب کا فرض ہے، یہاں کے مقامی لوگوں نے ان کی چھت بننا ہے۔ انہوں نے غذر میں فوری طور پر پانچ کلومیٹر سڑک کی تعمیر کا اعلان کیا، وفاق اس کے اخراجات برداشت کرے گا۔

وزیراعظم نے اس گائوں کی تعمیر کیلئے 10 کروڑ روپے کی خصوصی گرانٹ کا بھی اعلان کیا۔ اس موقع پر مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ، وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور، مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر حافظ حفیظ الرحمن، امجد ایڈووکیٹ سمیت دیگر بھی موجود تھے۔