کراچی۔29جولائی (اے پی پی):پاک بحریہ کی جانب سے حالیہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں ریلیف آپریشن جاری ہے ۔
پاک بحریہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق زمینی راستہ منقطع ہونے کے باعث پاک بحریہ کے ہیلی کاپٹرز کے ذریعے متاثرہ علاقوں میں امدادی سامان کی ترسیل کی گئی، آپریشن کے دوران ضلع لسبیلہ کے علاقوں اڑکی،اتھل اور لاکھڑا میں راشن اور دیگر ضروری سامان فراہم کیا گیا۔پاک بحریہ کے ہیلی کاپٹرز نے سیلاب میں پھنسے 7 افراد بشمول ایک شدید علیل خاتون کو بھی محفوظ مقام تک پہنچایا۔
پاک بحریہ ہینڈز این جی او کی معاونت سے متاثرہ علاقوں میں دو واٹر فلٹریشن پلانٹ بھی نصب کر رہی ہے۔کمانڈر کوسٹ رئیر ایڈمرل جاوید اقبال نے امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کی اور آئندہ لائحہ عمل کے لیے متاثرہ علاقوں کا فضائی جائزہ لیا ۔پاک بحریہ مشکل کی اس گھڑی میں سیلاب سے متاثرہ ہم وطنوں کی ہر ممکن مدد کیلئے کوشاں ہے۔