بارشوں اور سیلاب سے مجموعی طور پر 1290اموات، 11افرادزخمی ہوئے ہیں ،این ایف آر سی سی

101
غیر وابستہ تحریک کے سربراہی سطح کے رابطہ گروپ کا اجلاس ، تحریک کے چیئرمین الہام علیوف کی کووڈ-19 کے باعث دنیا پر پڑنے والے منفی اثرات کے تدارک اور بحالی کیلئے اقوام متحدہ کے اعلیٰ سطحی پینل کے قیام کی تجویز

اسلام آباد۔4ستمبر (اے پی پی):نیشنل فلڈ ریسپانس کوآرڈینیشنل سینٹر (این ایف آر سی سی) نے کہا ہے کہ گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران سیلاب سے 26اموات جبکہ 11افرادزخمی ہوئے ہیں، 14جون 2022 کے بعد بارشوں اور سیلاب سے مجموعی طور پر 1290اموات ہوئی ہیں جن میں 570مرد ، 259خواتین اور 453بچے شامل ہیں۔ زخمیوں کی مجموعی تعداد 12ہزار588تک پہنچ چکی ہے۔

نیشنل فلڈ ریسپانس کوآرڈینیشنل سینٹر (این ایف آر سی سی) کی جانب سے فلڈ آپ ڈیٹ/آرمی ریلیف آپریشن کے حوالہ سے جاری اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران مزید 26اموات جبکہ 11افراد زخمی ہوئے ہیں۔14جون 2022 کے بعد سڑکوں اور ریلوے نیٹ ورک کو پہنچنے والے نقصان کے حوالہ سے جاری اعدادو شمار کے مطابق اس دوران بلوچستان میں ایم8(100-140کلومیٹر) پر وانگو ہلز سیکشن پر 24کلو میٹر میں لینڈ سلائیڈنگ ہوئی جس کو دور کر کے سڑک کو ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا ہے۔

اسی طرح خیبر پختونخوا میں این50 پر ساگو پل سیکشن کے علاوہ سڑک ٹریفک کیلئے کھول دی گئی ہے۔ دونوں اطراف میں ساگو پل کی مرمت اور بحالی کا کام جاری ہے ۔ مزید برآں این 95(مدیان) بحرین تا لیکوٹ (27کلو میٹر سیکشن) ٹریفک کیلئے بند ہے۔

رپورٹ کے مطابق سندھ میں این 55پر مہرجوہی کینال تا خیر پور ناتھن شاہ سیکشن ٹریفک کیلئے بند ہے۔ این ایف آر سی سی نے ریلوے نیٹ ورک کے حوالہ سے جاری تفصیلات میں کہا ہے کہ بلوچشتان-کوئٹہ تا تفتان ، بلوچستان ، سندھ -کوئٹہ تا سبی تا حبیب کوٹ ، پنجاب – سندھ- حیدر آباد تا روہڑی تا ملتان جبکہ سندھ -کوٹری تا لکھی شاہ تا دادو سیکشن بند ہیں۔

این ایف آر سی سی نے کہا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں مشترکہ نقصانات کے جائزہ کیلئے مشترکہ سروے کئے جا رہے ہیں ۔ جس کے تحت کوئٹہ ، پیشن ، لورالائی ، دُکی ، سریاب ، جعفرآباد، صحبت پور ، آواران ، لسبیلہ ، گوادر ، قلعہ سیف اللہ ، زیارت ، قلعہ عبداللہ ، موسیٰ خیل ، وشوک ، کوہلو ، بارکھان ، خضدار ، نصیر آباد ، کچھی ، سبی ، ڈیرہ بگٹی ، شیرانی ، ژوب ، خاران ، قلات ، مستونگ اور چمن میں سروے کا کام جاری ہے۔

اعدادو شمار کے مطابق بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں بلوچستان کے 31، گلگت بلتستان کے 6، خیبر پختونخوا کے 17،پنجاب کے 3اور سندھ کے 23اضلاع شامل ہیں،واضح رہے کہ آزاد کشمیر کا کوئی ضلع متاثر نہیں ہوا۔ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ افرادکی تفصیل کے مطابق بلوچشتان میں 91لاکھ 82ہزار 616، گلگت بلتستان میں 51ہزار 5سو ، خیبر پنختونخوا میں 43لاکھ 50ہزار490، سندھ میں ایک کروڑ 45لاکھ 63ہزار 770 اور آزاد کشمیر میں 53ہزار 7سو افراد متاثرین میں شامل ہیں۔ ملک بھر میں متاثرین کی مجموعی تعداد 33لاکھ 46ہزار 329ہے۔