اسلام آباد۔23اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ بارشوں کا نیا سلسلہ 26 اگست تک جاری رہنے کا امکان ہے، ہمیں سیلاب زدگان کی مدد کیلئے تمام وسائل کو بروئےکار لانا ہوگا، سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کیلئے تمام صوبوں کو مزید وسائل کی ضرورت ہے۔
منگل کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی جولائی سے 22 اگست کی رپورٹ کے مطابق پڈعیدن اور کراچی میں 30 سالوں میں سب سے زیادہ بارشیں ریکارڈ کی گئی ہیں، سندھ کے تمام اضلاع اس عرصے میں سب سے زیادہ طوفانی بارشوں کی زد میں رہے۔
انہوں نے کہا کہ بارشوں اور سیلاب کا سلسلہ مزید شدید ہوتا جا رہا ہے، وزارت ماحولیاتی تبدیلی نے مون سون کی شدید بارشوں کے حوالے سے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو خبردار کیا تھا، سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کیلئے تمام صوبوں کو مزید وسائل کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ لاکھوں سیلاب زدگان ریلیف کے منتظر ہیں، جنوب پنجاب کے لوگ صوبائی حکومت کی طرح دیکھ رہے ہیں لیکن افسوس ہے کہ پنجاب حکومت کی تمام تر توجہ شہباز گل اور عمران خان کی طرف ہے، اس وقت ملک کا سب سے بڑا مسئلہ شہباز گل کی گرفتاری نہیں بلکہ سیلاب اور اس سے متاثر لاکھوں لوگ ہیں۔