لاہور۔30اگست (اے پی پی):اہور سمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کا 9واں سپیل 2 ستمبر تک جاری رہے گا، متعلقہ محکمے الرٹ رہیں۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔پی ڈی ایم اے پنجاب کی ہدایات پر کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز الرٹ ہیں۔ڈی جی پی ڈی ایم عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب کے احکامات کی روشنی میں بارش والے اضلاع کی انتظامیہ واسا اور ریسکیو ادارے فیلڈ میں الرٹ رہیں ۔
انہوں نے کہا کہ لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع میں مون سون بارشیں جاری ہیں لہذا متعلقہ محکمے نشیبی علاقوں سے نکاسی آب کو جلد از جلد یقینی بنائیں،تمام چوکنگ پوائنٹس پر مشینری سمیت عملے کی تعیناتی کو یقینی بنایاجائے اورشاہراہوں ،پبلک عمارتوں وہسپتالوں کے اطراف میں نکاسی آب کو یقینی بنایا جائے ۔ڈی جی عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ تمام ڈسپوزل سٹیشنز کو فنکشنل رکھیں، جنریٹرز وغیرہ کا بیک اپ یقینی بنایا جائے ۔