22.4 C
Islamabad
منگل, ستمبر 2, 2025
ہومقومی خبریںبارشوں کے باعث پنجاب کے دریائوں میں درمیانے سے اونچے درجے سیلاب...

بارشوں کے باعث پنجاب کے دریائوں میں درمیانے سے اونچے درجے سیلاب کا خدشہ ، متاثرہ علاقوں میں فلڈ ریلیف کیمپس قائم کر دیے ہیں،پی ڈی ایم اے

- Advertisement -

لاہور۔25اگست (اے پی پی):بارشوں کے باعث پنجاب کے دریائوں میں درمیانے سے اونچے درجے سیلاب کا خدشہ ، متاثرہ علاقوں میں فلڈ ریلیف کیمپس قائم کر دیے گئے۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے جہلم، چناب ،راوی، ستلج اور ان سے ملحقہ ندی نالوں میں طغیانی کی صورتحال ہے ۔دریائے چناب میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران درمیانے سے اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے۔مقبوضہ جموں میں دریائے توی سے پانی کا بڑا ریلا دریائے چناب میں داخل ہو گا جو گجرات، منڈی بہائو الدین، چنیوٹ اور جھنگ سے ملحقہ علاقوں کو متاثر کر سکتا ہے۔

ادھر، ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب عرفان علی کاٹھیا نے گجرات و سیالکوٹ انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے کیونکہ ہیڈ مرالہ کے مقام پر پانی کی آمد 1 لاکھ 27 ہزار اور اخراج 1 لاکھ 9 ہزار کیوسک ہے۔چناب میں خانکی کے مقام پر پانی کی آمد 1 لاکھ 28 ہزار اور اخراج 1 لاکھ 21 ہزار ہے۔ڈیرہ غازی خان کی رودکوہیوں میں بھی فلیش فلڈنگ کا خدشہ ہے۔ دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب ہے۔ گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کا بہائو 1 لاکھ 33ہزار کیوسک ہے۔

- Advertisement -

ہیڈ سلیمانکی کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔سلیمانکی کے مقام پر پانی کی آمد 94 ہزار کیوسک اور اخراج 87 ہزار ہزار کیوسک ، دریائے سندھ میں کالاباغ اور چشمہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے ۔دریائے راوی میں جسڑ کے مقام پر پانی کا بہائو 53 ہزار کیوسک اور نچلے درجے کا سیلاب ہے۔شاہدرہ کے مقام پر 18 ہزار ، بلوکی 41 ہزار اور ہیڈ سدنائی میں پانی کا بہائو 33 ہزار کیوسک ہے ،نالہ ایک ،بئیں اور بسنتر میں نچلے درجے کی سیلابی صورتحال ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ دریائوں کے پاٹ میں موجود شہری فوری محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں ۔حکومت پنجاب کی جانب سے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں فلڈ ریلیف کیمپس قائم کر دیے گئے ہیں جہاں تمام بنیادی سہولیات اور ادویات فراہم کی جائیں گی ۔

انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ موسمی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں ۔مری ،گلیات اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائڈنگ کے خطرات ہیں غیر ضروری سفر سے گریز کریں،دریائوں نہروں اور ندی نالوں کے اطراف سیرو تفریح سے گریز کریں ،بچوں کا خاص خیال رکھیں اور انہیں دریائوں ندی نالوں میں ہرگز نہ نہانے دیں۔

 

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں