کوئٹہ۔14جنوری (اے پی پی):بارش اور برفباری کےبعد وادی کوئٹہ، قلات اور زیارت سمیت بلوچستان کے بیشتر علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں ، کوئٹہ، قلات اور زیارت میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے بھی گر گیا ہے اور یخ بستہ موسم کی وجہ سے گھروں اور دفاتر میں ٹینکیوں اور نلکوں کا پانی بھی جم گیا ہے،گیس پریشر کی کمی اور بجلی کی لوڈشڈدنگ کے باعث شہریوں کے معمولاتِ زندگی متاثر ہوئے ہیں۔بلوچستان کے دارالخلافہ کوئٹہ میں شدید سردی کے باعث سڑکوں ، گلیوں اور گھروں کی پائپ لائنوں میں بھی پانی جم گیا ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق کوئٹہ اور گرد و نواح میں مطلع صاف ہے جبکہ موسم انتہائی سرد ہے ۔ دوسری جانب کوئٹہ شہرمیں گیس پریشر کم اورکئی علاقوں میں نہ ہونے کے برابر ہے۔قلات اور زیارت میں بھی گیس پریشر غائب ہو گیا جس کے باعث معمولاتِ زندگی متاثر ہوئے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق وادی کوئٹہ میں آج کم سےکم درجہ حرارت منفی 8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ شہر کے مضافاتی علاقوں میں کم سےکم درجہ حرارت اس سے بھی کم محسوس کیا جا رہا ہے۔