اسلام آباد۔30جون (اے پی پی):نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نےشہریوں کو خبر دار کیا ہے کہ بارش اور سیلاب کی صورت میں ڈرائیونگ سے احتیاط برتیں۔ ترجمان نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے نئی ٹریول ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے قومی شاہراہوں پر سفر کرنے والوں کو خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔
ترجمان نےکہا کہ بارش میں ڈرائیونگ کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں، بارش کے دوران سڑکیں پھسلن کا شکار ہو جاتی ہیں جس سے حادثات کا خطرہ بڑھ جاتا ہے جبکہ زیر آب سڑک سے گزرنا جان لیوا بھی ہو سکتا ہے ۔ ترجمان نے کہا کہ سیلابی صورتحال میں ریلے سے گزرنے کا خطرہ ہرگز مول نہ لیں 12 انچ تک بہتا ریلا چھوٹی گاڑی کو بہا سکتا ہے اور 16 سے 18 انچ کا آبی ریلا بڑی گاڑیوں بس وغیرہ کو بھی بہا کر لے جاسکتا ہے –
ترجمان نے کہا کہ پانی کی طاقت کو سمجھئے اور ایسی صورت میں پانی سے گزرنے سے اجتناب کریں ۔ تاہم بارشوں کے دوران سفر کرنا مقصود ہو تو رفتار کم رکھیں اور اگلی گاڑی سے فاصلہ زیادہ رکھیں۔ گاڑی کی لائٹس اور وائپر درست حالت میں رکھیں۔ اچانک بریک لگانے سے گریز کریں۔ موبائل فون استعمال نہ کریں اور توجہ مکمل ڈرائیونگ پر رکھیں۔ پہاڑی علاقوں کی جانب سفر کرنے والے ڈرائیورز بالخصوص سیاح ڈرائیونگ میں زیادہ احتیاط برتیں ۔کسی بھی مدد کی صورت میں نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے ، آپ کی حفاظت، ہماری اولین ترجیح ہے۔