بارڈرزکی بندش کی وجہ سے تاجروں ،ایکسپورٹرز کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، ضیا الحق سرحدی

137
بارڈرزکی بندش کی وجہ سے تاجروں ،ایکسپورٹرز کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، ضیا الحق سرحدی

پشاور۔ 02 فروری (اے پی پی):پاک افغان جائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (پی اے جے سی سی آئی )کے کو آرڈینیٹر اور فرنٹیئر کسٹمز ایجنٹس ایسوسی ایشن کے صدر ضیاء الحق سرحدی نے پاک افغان طورخم بارڈرزکو 10دن کے بعد کھولنے کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ بارڈرزکی بندش کی وجہ سے تاجروں ،ایکسپورٹرز کو جن مشکلات کا سامنا تھا اس کا بھی ازالہ ہوگا اور تجارت میں بھی اضافہ ہوگا ،بارڈرزکی بندش کی وجہ سے تاجروں ،ایکسپورٹرز کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

انہوں نے وزیر اعظم ،گورنر، وزیر اعلیٰ ،کور کمانڈر پشاور اور دیگر اداروں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے بزنس کمیونٹی کا ایک اہم مسئلہ حل کرنے میں اپنا اہم کردار ادا کیا۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان تجارتی کارگو ٹرانسپورٹیشن کے درمیان چلنے والے ٹرک ڈرائیوروں کے پاسپورٹ اور ویزوں کے مسائل پر قابو پانے اور دونوں ممالک کے درمیان تجارت کو ہموار کرنے کے لئے دونوں حکومتوں کے درمیان پاکستان اور افغانستان ٹرانسپورٹ کے ایک ، ایک ہزار ٹرکوں کو پاکستان کی وزارت ٹرانسپورٹ ، کسٹمزاور افغانستان کی وزارت ٹرانسپورٹ اور گمرک (کسٹمز)میں رجسٹرڈ کر لیا جائے اور جن کی برائے نام رجسٹریشن فیس بھی مقرر کی جائے

اور ویزوں کی بجائے خصوصی پاس جاری کئے جائیں تو اس اقدام سے دونوں ممالک کے ٹرک بالترتیب مزار شریف (افغانستان )ااور کراچی (پاکستان)تک تجارتی کارگو لے جانے کے اہل ہو جائیں گے جس سے ٹرانسپورٹ کی کمی کے ساتھ ساتھ نقل وحمل کی لاگت میں کمی آئے گی جبکہ دونوں حکومتوں کا یہ عمل تجارت کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ ٹرانسپورٹ سسٹم میں چیک اینڈ بیلنس بھی قائم کرے گا۔