ناٹنگھم ۔ 30 مئی (اے پی پی) بارھویں آئی سی سی ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں (کل) جمعہ کو ایک میچ کھیلا جائیگا۔ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں ناٹنگھم کے مقام پر آمنے سامنے ہونگی۔ تفصیلات کے مطابق آئی سی سی کے زیر اہتمام عالمی کپ کے بارہویں ایڈیشن کا انگلینڈ میں آغاز ہوچکا ہے۔ پاکستان کی ٹیم آج جمعہ کو ویسٹ انڈیز کے خلاف میدان میں اترے گی۔ یہ میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق دن 2 بجکر 30 منٹ پر شروع ہوگا۔ ویسٹ انڈیز کی اس سے قبل دو مرتبہ ٹیم عالمی کپ جیت چکی ہے جبکہ پاکستان کی ٹیم کو بھی ایک مرتبہ ورلڈ کپ جیتنے کا اعزاز حاصل ہے۔ ویسٹ انڈیز ٹیم کا عالمی کپ مقابلوں میں پاکستان کے خلاف پلٹرا بھاری ہے۔ عالمی کپ کے مقابلوں میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو پاکستان کرکٹ ٹیم پر واضح برتری حاصل ہے ۔ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین ورلڈکپ میں اب تک 10 میچز کھیلے گئے ہیں جن میں ویسٹ انڈیز کا پلڑا بھاری ہے۔ اب تک عالمی کپ میں دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے میچوں میں ویسٹ انڈیز نے 7 میچز میں کامیابی حاصل کی جبکہ پاکستان ٹیم صرف 3 میچز جیتنے میں کامیاب ہوسکی۔ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیںناٹنگھم میں موجود ہیں اور اپنے ابتدائی میچ میں شرکت کے لئے میدان میں اترنے کو بے تاب ہیں۔ دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے اپنے ابتدائی میچ میں کامیابی کے لئے بیانات دیئے ہیں اور توقع ک جارہی ہے کہ یہ میچ کانٹے دار ہوگا اور شائقین کرکٹ کو اچھا میچ دیکھنے کو ملے گا۔ واضح رہے کہ میگا ایونٹ 1992ءکے ورلڈ کپ کی طرز پر کھیلا جا رہا ہے، میگا ایونٹ میں ریکارڈ پانچ مرتبہ کی عالمی چیمپئن اور میگا ایونٹ کی دفاعی چیمپئن آسٹریلوی ٹیم ٹائٹل کا دفاع کریگی، ڈیڑھ ماہ جاری رہنے والے ورلڈ کپ میں 10 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے پنجہ آزمائی کرینگی جن میں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا، میزبان انگلینڈ، پاکستان، جنوبی افریقہ، نیوزی لینڈ، سری لنکا، بنگلہ دیش، افغانستان، بھارت اور ویسٹ انڈیز شامل ہیں۔