بارہواں ورلڈ کپ، نیوزی لینڈ نے بھارتی غرور خاک میں ملا دیا

58

مانچسٹر ۔ 10 جولائی (اے پی پی) نیوزی لینڈ کی ٹیم 12ویں آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ فائنل میں پہنچ گئی، کیوی ٹیم نے ٹائٹل فیورٹ بھارت کو سیمی فائنل میں دلچسپ مقابلے کے بعد 18 رنز سے شکست دے کر مسلسل دوسری مرتبہ ورلڈ کپ فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کیا، کیوی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 239 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، روز ٹیلر نے 74 اور کین ولیمسن نے 67 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر ٹیم کے ٹوٹل کو فائٹنگ بنایا، جواب میں بھارتی ٹیم ہدف کے تعاقب میں آخری اوور کی تیسری گیند پر 221 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، میٹ ہنری اور ٹرینٹ بولٹ نے 24 کے سکور پر حریف ٹیم کی 4 وکٹیں گرا کر اس کی مضبوط بیٹنگ لائن اپ کی کمر توڑ دی، روہت شرما، ویرات کوہلی اور لوکیش راہول 1، 1 رن بنا سکے، 92 کے سکور پر 6 وکٹیں گرنے کے بعد جدیجا اور دھونی نے ساتویں وکٹ کی شراکت میں 116 رنز بنا کر ٹیم کو دوبارہ جیت کی امید دلوائی تاہم بولٹ نے 77 کے انفرادی سکور پر جدیجا کو آﺅٹ کر کے میچ کا پانسہ پلٹ دیا، دھونی کی فائٹنگ ففٹی بھی ٹیم کے کام نہ آئی، ہنری نے 3، سینٹنر اور بولٹ نے 2، 2 فرگوسن اور نیشم نے ایک، ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا، ہنری میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔