بارہواں ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ، بنگلہ دیشی ٹیم (کل)جنوبی افریقہ کے خلاف میچ سے مہم کا آغاز کرے گی

124

لندن ۔ یکم جون (اے پی پی) بارہویں آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ میں (کل) اتوار کو ایک میچ کھیلا جائے گا جس میں جنوبی افریقہ اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔ بنگلہ دیشی ٹیم میچ جیت کر ٹورنامنٹ کا فاتحانہ انداز سے آغاز کرنے کی خواہاں ہے جبکہ دوسری جانب پروٹیز ٹیم ابتدائی میچ میں انگلینڈ کے ہاتھوں شکست کے بعد کامیابی حاصل کر کے ٹورنامنٹ میں جاندار کم بیک کیلئے پر جوش دکھائی دے رہی ہے اسلئے دونوں ٹیموں کے درمیان سخت اور کانٹے دار مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔ بنگلہ دیشی ٹیم کو اوپننگ بیٹسمین تمیم اقبال کی انجری پر تشویش ہے اور تاحال ان کی جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں شرکت غیریقینی صورتحال کا شکار ہے، تمیم پریکٹس سیشن کے دوران بیٹنگ کرتے ہوئے کلائی کی انجری کا شکار ہوئے تھے، ایکسرے رپورٹ میں فریکچر کی تشخیص ہوئی ہے اسلئے ان کی میچ میں شرکت مشکل دکھائی دے رہی ہے۔ محمد سیف الدین کی میچ میں شرکت متوقع ہے، وہ کمر کی تکلیف کا شکار تھے۔ بنگلہ دیشی ٹیم کو اس کے علاوہ کپتان مشرفی مرتضیٰ، مستفیض الرحمان، محموداللہ، شکیب الحسن اور روبیل حسین کی انجریز پر بھی تشویش ہے۔